پٹنہ: بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) قانون ساز پارٹی کی لیڈر رابڑی دیوی کے بھائی انیرودھ پرساد عرف سادھو یادو نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بنکٹھ پور سے قسمت آزمانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی غریب جنتادل سیکولر چالیس سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرے گی۔
سابق رکن پارلیمان یادو نے سنیچر کو یہاں بتایا کہ اس بار وہ گوپال گنج ضلع کے بنکٹھ پور سے اسمبلی الیکشن لڑیں گے۔ ان کی پارٹی غریب جنتادل سیکولر بہار کی 243 میں سے 40 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی۔
سابق مرکزی وزیر رگھوونش پرساد سنگھ کے انتقال اور ان کے آرجے ڈی چھوڑنے کے لئے رکن اسمبلی اور آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کے بیان کو ذمہ دار ٹھہرائے جانے پر یادو نے کہا کہ 'سنگھ کی آر جے ڈی کے بچوں کے ساتھ باپ جیسی محبت تھی۔ انہوں نے ان بچوں کو اپنی گود میں کھلایا ہے۔ اس لئے انہیں تیج پرتا پ کے بیان سے ٹھیس نہیں پہنچی تھی۔
سابق رکن پارلیمان یادو نے کہاکہ 'انہیں سنگھ کی رہنمائی میں کام کرنے کا طویل تجربہ ہے۔ وہ انہیں کافی اچھی طرح سے جانتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ دراصل سنگھ مہنار سے راما سنگھ کی بیوی کو امیدوار بنائے جانے سے ناخوش تھے۔
خیال رہے کہ سادھو یادو نے اس سے پہلے 2019 میں مہاراج گنج پارلیمانی حلقہ سے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 2004 میں یادو نے آرجے ڈی کے امیدوار کے طورپر گوپال گنج لوک سبھا سیٹ سے جیت حاصل کی تھی۔