پٹنہ: آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت ایک بار پھر بہار کے دورے پر آ رہے ہیں، موہن بھاگوت اسی ماہ کے 9 تاریخ کو بہار کے بکسر پہنچیں گے جہاں وہ شری رام کرم بھومی نیاس کے زیر اہتمام نو روزہ یگیہ میں حصہ لیں گے. جاری شیڈول کے مطابق مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری بھی بکسر میں منعقد یگیہ میں شریک ہوں گے جس کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے. حفاظتی نقطہ نظر سے انتظامات سخت کیے جا رہے ہیں. موہن بھاگوت پہلے پٹنہ پہنچیں گے جہاں وہ بھاجپا کے اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور پھر بکسر کے لیے روانہ ہوں گے۔ RSS Leader Mohan Bhagwat Visit to Bihar on November 9
یہ بھی پڑھیں:
شری رام کرم بھومی ٹرسٹ کے سرپرست، مرکزی وزیر و بکسر کے رکن پارلیمان اشونی کمار چوبے نے بتایا کہ اس یگیہ میں کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنروں کو شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے. اس کے علاوہ تمام پارٹیوں کے رہنماؤں کو بھی اس نو روزہ یگیہ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے. اشونی کمار نے بتایا کہ مرکزی وزیر نتن گڈکری یگیہ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے. بکسر کے مضافات میں واقع اہرولی گاؤں میں ایک عظیم الشان پنڈال تعمیر کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے آنے والے سنتوں اور عقیدت مندوں کو ٹھہرایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس یگیہ میں ملک بھر سے آر ایس ایس کے ہزاروں کارکنان بھی بکسر پہنچ رہے ہیں. ساتھ ہی سناتن دھرم سے وابستہ مذہبی اور روحانی مذہبی رہنما بھی یگیہ میں شرکت کریں گے. بہار میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ جیسے لیڈر کا دورہ ہو چکا ہے. اب موہن بھاگوت کے دورہ کے بعد بہار کی سیاست میں دیگر پارٹیوں کے رہنماؤں کے ذریعہ شدید ردعمل دیکھنے کو مل سکتا ہے۔