حیدرآباد: مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ بدھ کو پرامن طریقے سے ختم ہوئی۔ تمام 288 سیٹوں پر 58.43 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ تاہم الیکشن کمیشن نے ابھی تک حتمی اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں۔ الیکشن کے نتائج 23 نومبر کو آئیں گے۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے بیشتر ایگزٹ پولس نے بی جے پی کی زیر قیادت حکمراں مہایوتی اتحاد کی جیت کی پیش گوئی کی ہے۔ لیکن دو ایگزٹ پولس نے کانگریس کی قیادت والی مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) اتحاد کو آگے دکھایا ہے۔ اگر ان ایگزٹ پول کے اعداد و شمار پر یقین کیا جائے تو مہاراشٹر میں اپوزیشن ایم وی اے اقتدار میں آسکتی ہے۔
الیکٹورل ایج کے ایگزٹ پول کے مطابق، ایم وی اے کو مہاراشٹر میں 150 سیٹیں ملنے کی امید ہے، جبکہ مہایوتی اتحاد کو 118 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ دیگر پارٹیوں کو 20 سیٹیں مل سکتی ہیں۔
ایس اے ایس ایگزٹ پول:
ایگزٹ پول ایجنسی ایس اے ایس کے ذریعہ کرائے گئے ایک اور ایگزٹ پول میں ایم وی اے کو 147 سے 155 سیٹیں ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وہیں مہایوتی کو 127 سے 135 سیٹیں ملنے کی امید ہے اور دیگر کو 10 سے 13 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔
معلق اسمبلی کی طرف اشارہ:
یہاں لوک ساکشی مراٹھی-رودر کے ایگزٹ پول نے معلق اسمبلی کی طرف اشارہ کیا ہے، یعنی کسی پارٹی یا اتحاد کو واضح اکثریت ملنے کی امید نہیں ہے۔ ایگزٹ پول کے اعداد و شمار کے مطابق، مہایوتی کو 128 سے 142 سیٹیں ملنے کی امید ہے، ایم وی اے کو 125 سے 140 سیٹیں اور دیگر کو 18 سے 23 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔
پی مارک ایگزٹ پول میں قریبی مقابلہ:
پی مارک کا ایگزٹ پول مہاراشٹر میں دونوں اتحادوں کے درمیان قریبی مقابلہ دکھاتا ہے۔ جس کے مطابق مہایوتی کو 137-157 سیٹیں اور ایم وی اے کو 126-146 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔ پی مارک ایگزٹ پول کے مطابق حکمران مہایوتی اتحاد کو 42 فیصد ووٹ شیئر مل سکتا ہے اور ایم وی اے کو 41 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔ دیگر جماعتوں کو 17 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ 2-8 نشستیں ملنے کا اندازہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں اسمبلی کی کل 288 سیٹیں ہیں اور ریاست میں حکومت بنانے کے لیے اعداد و شمار 145 ہیں۔