پٹنہ: بہار میں راجیہ سبھا کی پانچ سیٹوں کیلئے 10 جون کو ہونے والے انتخاب میں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی حلیف بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کی جانب سے راجیہ سبھا رکن ستیش چندر دوبے اور شمبھو شرن پٹیل کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔Bihar Rajya Sabha Seats
بی جے پی کے قومی ترجمان سنجے پرکاش عرف سنجے میوخ نے اتوار کو یہاں بتایاکہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے دوبے اور مسٹر پٹیل کو امیدوار بنایا ہے ۔ راجیہ سبھا کی پانچ سیٹوں کیلئے ہورہے انتخاب میں بی جے پی کو دو سیٹیں ملی ہیں۔ پٹیل ریاستی بی جے پی میں سکریٹری کے عہدے پر ہیں۔
واضح رہیکہ بہار میں راجیہ سبھا کی پانچ سیٹوں کیلئے ہونے ہونے والے انتخاب میں اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کی جانب سے 27 مئی کو آرجے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کی بڑی بیٹی اور راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر میسابھارتی اور فیاض احمد نے اپنا پرچہ داخل کیا ۔
این ڈی اے کی حلیف جماعت جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) نے اپنے کھاتے کی ایک سیٹ پر امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ جے ڈی یو کے موجودہ راجیہ سبھا رکن اور مرکزی وزیر آر سی پی سنگھ کی امیدواری پر ابھی بھی غیر یقینی صورتحال ہے ۔ امیدواروں کی نامزدگی کا عمل 24 مئی سے شروع ہے ۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 31 مئی ہے۔
یواین آئی