سرینگر : میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کہا کشمیر اپنی تہذیب، ثقافت اور وراثت کے اعتبار سے ایک الگ پہچان رکھتا ہے۔ ایسے میں نوجوان نسل کو اپنی وراثت، تاریخ اور ثقافت سے متعلق جانکاری رکھنا اور روشناس ہونا بے حد اہم ہے۔ ان باتوں کا اظہار میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل انجمن اوقاف جامع مسجد اورمیرواعظ فاﺅنڈیشن کے اشتراک سے تیار کردہ 2025/1446 کے اسلامی فن خطاطی سے مزین کیلنڈر کی رونمائی کرتے ہوئے کیا۔
اس موقعے پر انہون نے اس بات پرزور دیا کہ اسلامی فن خطاطی ہماری تہذیب اور وراثت کی خوبصورتی کو اجاگر کرتا ہے اور ہمیں اللہ تعالیٰ کے کلام کی ابدی حکمت سے جوڑتا ہے اور ایسی روایات کو محفوظ رکھنا ہماری علمی اور روحانی ذمہ داری ہے جو ہمیں اپنی شناخت اور ایمان سے جڑے رہنے میں مدد دیتی ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ 2025 کا کیلنڈر ہمیں نہ صرف اپنی روایات کی یاد دہانی کراتا ہے بلکہ ماحول کے تحفظ کی ہماری مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ایمان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ یہ ہماری دینی اور سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم ماحول کے تحفظ کے لیے کام کریں۔ احادیث اور حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے میرواعظ نے اس بات پرزور دیا کہ بلا امتیاز اللہ کی مخلوق کا خیال رکھنا، فضول خرچی سے بچنا اور قدرتی ماحول کا تحفظ کرنا ایک مسلمان کا بنیادی فریضہ ہے۔ میرواعظ نے کشمیر کی موجودہ صورتحال خصوصاًماحولیات کی عدم توازن کو حد درجہ تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دریائے جہلم کا پانی اس وقت تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے اور یہ مسئلہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، گلیشیئرز کے پگھلنے اور قلیل بارشوں کے باعث پیدا ہوا ہے اورماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 60 سالوں میں جموں و کشمیر کے 30 فیصد گلیشیئرز پگھل چکے ہیں اور اگر یہ رجحان جاری رہا تو صدی کے آخر تک 70 فیصد گلیشیئرز ختم ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی توجہ دلائی کہ بے ہنگم شہری تعمیرات تیزی سے زرعی زمین اور باغات کو نگل رہے ہیں۔ اگرچہ ترقی ضروری ہے لیکن یہ سب ماحول اور ماحولیاتی توازن کو بگاڑنے کی قیمت پر نہیں ہونی چاہئے اور یہاں کے قدرتی وسائل اور کشمیر کی خوبصورتی کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے کےلئے توازن قائم رکھنا انتہائی ناگزیر ہے۔ میرواعظ نے حکومت، سول سوسائٹی، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ان چیلنجز سے نمٹنے اور کشمیر کی قدرتی اور ثقافتی وراثت کی حفاظت کے لیے اجتماعی اقدامات کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ریزرویشن پالیسی کے خلاف احتجاج: میر واعظ عمر فاروق سری نگر مظاہرے میں شامل ہوں گے؟ - RESERVATION POLICY PROTEST JK
میرواعظ نے اس موقعہ پر اللہ سے دعا کی کہ وہ ہمیں ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے حکمت، توازن، اور عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان اہم مسائل کو حل کرنے اور خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب حکمت عملی اور جامع منصوبہ بندی تیار کرے۔