سمستی پور: بہار کے سمستی پور ریلوے ڈویژن میں سینئر انجینئر کی ملی بھگت سے گزشتہ دنوں پورنیہ سے چوری ہوئے ریل انجن اسکریپ کا معاملہ ابھی سلجھا بھی نہیں تھا کہ سمستی پور سے ریلوے ٹریک کے چوری ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سمستی پور ریلوے بورڈ ذرائع کے مطابق مدھوبنی کے لوہٹ شوگر مل سے پنڈول اسٹیشن تک ریلوے ٹریک کو چوری کرکے فروخت کر دیا گیا ہے۔ معاملے کے روشنی میں آنے کے بعد ریلوے نے انکوائری شروع کر دی ہے۔
ریلوے ٹریک چوری کے معاملے میں ایک ایف آئی آر دربھنگہ آر پی ایف چوکی میں درج کرائی گئی ہے۔ آر پی ایف کی ویجیلنس ٹیم نے بھی معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔ دراصل اس ڈویژن کے پنڈول اسٹیشن سے لوہٹ شوگر مل تک ریلوے لائن بچھائی گئی تھی، تاہم شوگر مل بند ہونے کی وجہ سے اس لائن کا استعمال نہیں ہورہا تھا، جس کے بعد چوروں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس معاملے کو انجام دیا۔
چوری کی اس واردات کے منظر عام پر آنے کے بعد محکمہ میں افراتفری کا ماحول ہے۔ حالانکہ کہا یہ بھی جارہا ہے کہ افسران کی ملی بھگت کے بغیر یہ چوری نہیں ہو سکتی ہے۔ ایسے میں محکمانہ انکوائری کے ساتھ ساتھ ویجیلنس کی ٹیم بھی معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ تحقیقات کے بعد ہی سارا معاملہ واضح ہو پائے گا۔ ابھی تک اس معاملے کے حوالے سے کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ لیکن اس چوری کو لے کر محکمہ میں کئی طرح کی باتیں ہورہی ہے۔
مزید پڑھیں:
فی الحال معاملہ سامنے آنے کے بعد ریلوے نے کارروائی کرتے ہوئے ڈویژن کے سکیورٹی کمشنر سمیت دو ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔ معطل کیے گئے ریلوے اہلکاروں میں جھنجھار پور چوکی کے انچارج سری نواس اور مدھوبنی کے جمعدار مکیش کمار سنگھ شامل ہیں۔ یہ معاملہ 24 جنوری کو سامنے آیا تھا۔