گزشتہ 30 ستمبر کو فینو پیمنٹ بینک کے کسٹمر سروس کے افسر سے 13 لاکھ 65 ہزار پانچ سوروپئے کی لوٹ کا معاملہ پیش آیاتھا، اس واقعہ کاماسٹر مائنڈ بینک کا کسٹمر سروس افسر ہی نکلا۔
ضلع گیا کی پولیس نے 13 لاکھ 65 ہزار 500 روپئے کی لوٹی ہوئی رقم کاانکشاف کرلیا ہے۔ فینو پیمنٹ بینک کی رقم آئی سی آئی سی آئی بینک ٹکاری روڈ میں جمع کرانے جانے کے دوران فور ویہلر پر سوار بدمعاشوں کے ذریعے سروج نامی کسٹمر سروس افسر کو اغوا کرکے لوٹے جانے کامعاملہ سامنے آیا تھا۔
ایس ایس پی کو اطلاع ملنے کے بعد اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا گیا اور سٹی ایس پی منجیت و معاون ایس پی ہردیہ کانت کی قیادت میں سٹی ڈی ایس پی راج کمار شاہ سمیت کئی تھانوں کے انچارج وٹیکنیکل سیل کے افسران کو شامل کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
پولیس نے اس لوٹ واقعے کی تمام پہلؤں پر جانچ کرنی شروع کی تو اس معاملے میں کچھ شبہ ہوا۔ جس کے بعد پولیس نے جانچ تیز کرتے ہوئے علاقے کے سارے ویڈیو فوٹیج کو کھنگالنا شروع کیا۔ فوٹیج میں کہیں بھی لوٹ کے واقعے کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
پولیس نے سروج نامی شخص سے سختی سے پوچھنا شروع کیا، تو اس نے پولیس کو پورے معاملے کے متعلق بتایا کہ دراصل بینک کے پیسوں کی لوٹ نہیں ہوئی ہے، بلکہ اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر اس نے پیسوں کو خود غبن کرکے لوٹ کی کہانی بنائی ہے۔ جس کے بعد اس کی نشاندہی پر پولیس نے ضلع کے آنتی تھانہ حدود علاقے میں واقع گاؤں میں کندن کمار نامی شخص کے گھر سے لوٹے ہوئے پیسوں کو برآمد کیا۔
پولیس نے سروج کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ کندن فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
ایس ایس پی راجیو مشرا نے بتایا کہ 'پورے معاملے کی لوٹ کا منصوبہ ان دونوں کے ذریعے تیار کیا گیا تھا۔ پولیس ان کے بقیہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ ماری کررہی ہے۔ ان کی پوری نقل و حرکت کی جانچ کی جارہی ہے۔کندن کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائیگا۔'