گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے بزرگ اور خوش فکر شاعر عبدالحنان صبا کا گزشتہ روز انتقال ہوگیا ہے۔ ان کی عمر تقریباً 88 سال تھی۔ ان کی تجہیز و تدفین شہر سے متصل بیتھو شریف قبرستان میں کی گئی ہے۔ ان کے انتقال کی خبر سے ادبی حلقہ سوگوار ہے۔ اپنے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑ کر اس دار فانی سے کوچ کر گٸے۔ عبدالحنان ضلع کے معروف شاعروں میں ایک تھے۔ انکی کئی غزلیں اور اشعار کافی مقبول ہیں اور خوب پڑھی جاتی ہیں۔ شاعر عبدالحنان صبا کے اشعار کئی معروف قوال بھی پڑھتے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ Sagar Sehrai Passes Away: معروف شاعر ساگر صحرائی انتقال کر گئے
نوشاد ناداں نے بتایاکہ مرحوم گوناگوں صلاحیتوں کے مالک تھے، ان سے شاعری کی باریکیوں کو سمجھ کر آج کئی شعرا نے بڑا نام کیا ہے۔ خوش مزاج اور ملنسار ہونے کے ساتھ ساتھ ادب کے فروغ کیلئے ہمیشہ وہ کوشاں ہوتے تھے۔ انہوں نے اردو شاعری کے علاوہ اردو زبان کی بھی کافی خدمت کی ہے۔ انکے انتقال سے گیا ضلع کے ادبی حلقہ میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جو عنقریب میں پُر ہوتا نہیں دکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی شاعری کا کوئی مجموعہ تو منظر عام پر نہیں آیا البتہ رسائل و اخبارات میں انکے اشعار اور غزلیں شائع ہوتی تھیں۔ انکے انتقال پر مرغوب اثر فاطمی، فردوس گیاوی، حساس گیاوی، آصف علی، بچہ نسیم قوال وغیرہ نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے