بہار کے ضلع ارریہ میں حیدر یاسین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اے ڈی بی چوک واقع یاسین منزل میں اسمبلی انتخاب کے ضمن میں سماجی کارکن و دانشوران نے بحث و مباحثہ میں شرکت کی۔
پروگرام آرگنائزر فیصل یاسین نے کہا کہ 'اسمبلی انتخاب 2020 میں مسائل کے حل کے لیے ووٹنگ سب سے اہم ہے، چونکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ جب بھی انتخاب کا موسم آتا ہے، لیڈران اہم مسائل کو چھوڑ کر ذات برادری اور مذہب کے نام پر ووٹ حاصل کرتے ہیں'۔
فیصل یاسین نے کہا ہے کہ 'جن مسائل کو حل کرانے کے لئے ہمیں متحد ہونا چاہیے ہم اس میں ناکام ہو جاتے ہیں، جس وجہ سے علاقے کی ترقی نہیں ہو پاتی، مگر اس بار کے انتخاب میں ایسا نہیں ہوگا'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'ہمیں ووٹرز کو بیدار کرنا ہوگا کہ وہ اپنے گاؤں اور علاقوں کے مسائل کے حل کے ضمن میں ووٹ مانگنے کے لیے آ رہے لیڈران سے سوال کریں کہ یہ کام کیوں نہیں ہوا۔ اس بار انتخاب پوری طرح سے مقامی مسائل پر ہی ہو ہم سبھی کو مل کر اس کی کوشش کرنی ہوگی'۔
نشست کی صدارت کررہے ڈاکٹر شمشاد احمد نے کہا کہ ”اس بار کا انتخاب اہمیت کا حامل ہے، ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کون لیڈر ہمارے دکھ سکھ میں ساتھ کھڑا رہا ہے اور کون نہیں، یہاں مسائل کا انبار لگا ہے۔ لیڈران انتخاب جیت کر پھر دوبارہ واپس نہیں آتے، بے سہارا مجبور غریب عوام کسمپرسی کے عالم میں جیتی ہے'۔
ڈاکٹر شمشاد احمد نے کہا کہ 'فاقہ کشی میں کوئی لیڈر خبر لینے تک نہیں آتے، اس لئے اس بار ایسے نمائندہ کو منتخب کریں جو عوامی مسائل حل کرنے کی بات کہے، اس کے لئے ہماری ٹیم ایک فہرست بنائے گی اور مقامی مسائل سے امیدواروں کو واقف کرائے گی اور جو ہمارے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کا وعدہ کرے گا اسی کو ہمارا ووٹ جائے گا'۔
- مزید پڑھیں: نئی اسکیم سے سیب کے کاروباری ناخوش
نشست کی صدارت ڈاکٹر شمشاد احمد نے کی جبکہ دانشوران میں شتیندر شرن، کمائینی سوامی، زاہد انور، توصیف انور، امت کمار امن، شادان عالم، مشرف عالم، دیوندر کمار جھا، اظہار صابری، حسنین رضا، محمد نعمان، عادل کریم، کامل اختر اور محمد ابو الخیر وغیرہ نے شرکت کی۔