پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج 'اورجا آڈیٹوریم 'میں پاور سیکٹرکے15,871.24کروڑ روپے کے متعدد منصوبوں کا ریمورٹ کے ذریعہ سنگ بنیاداور افتتاح کیا۔ تقریب کوخطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں آج اس پروگرام میں آکر بہت خوش ہوں۔ میں آپ کو اس پروگرام کے انعقاد کے لیے بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج 15871.24 کروڑ کی مختلف اسکیموں کا سنگ بنیاد، اور افتتاح کیا گیا ہے۔ 5930.89 کروڑ روپے کی اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ 7305.05 کروڑ روپے کی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ 2635.30 کروڑ روپے کی مختلف اسکیموں کا افتتاح / جاری کیا گیا ہے، جن میں 40 پاور سب اسٹیشن، 7 گرڈ سب اسٹیشن، 704 کلو میٹر ٹرانسمیشن لائن دربھنگہ اور سپول میں دو تالابوں پر سولر پاور پلانٹ اور پاور بلڈنگ کا افتتاح شامل ہے۔ زراعت کے لیے بھی بہت کام کیا گیا ہے۔ 6500 کروڑ روپے کی لاگت سے 251 پاور سب سٹیشن اور 1354 علیحدہ زرعی فیڈر بنائے گئے ہیں اور 1555 نئے زرعی فیڈروں کی تعمیر کا کام آج شروع ہو گیا ہے۔ اب تک کسانوں کو کل 2 لاکھ 59 ہزار 745 برقی اشیاءفراہم کی جا چکی ہیں۔ اب مزید کسانوں کو اس کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ اس مرتبہ بارش کم ہوئی لیکن ہم نے زراعت کے لیے بجلی کی فراہمی کے انتظامات کیے تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بجلی کے بہت سے فائدے ہیں۔ بجلی صارفین کی مدد کی اسکیم پر کام کیا جا رہا ہے۔ آج کئی طرح کے سنگ بنیاد بھی رکھے گئے ہیں۔ ہم نے پہلے عوام سے جو بھی وعدے کیے تھے وہ سب کام اب آہستہ آہستہ مکمل ہو رہے ہیں۔Nitish Kumar laid Foundation stone of Various Schemes
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگوں نے 25 اکتوبر 2018 کو ہی ہر گھرتک بجلی فراہم کر دیا ہے۔ یہ کام اسکیم کی مقررہ مدت سے دو ماہ قبل مکمل کر لیا گیا تھا۔ کسانوں کو مزید سہولتیں دی جارہی ہیں۔ ہر کھیت تک آبپاشی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ چَور علاقے کی ترقی کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ چور علاقے کے نچلے حصے کو ترقی دے کر ’فش فارمنگ شروع کر دی گئی ہے اور اس پر سولر انرجی کی پیداوار شروع کر دی گئی ہے۔ اس کام کو بہتر طریقے سے کریں، اس سے کسانوں کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بجلی کی فراہمی 700 میگاواٹ تھی جو اب بڑھ کر6738 میگاواٹ ہو گئی ہے۔ ’بجلی صارفین مدد اسکیم ‘سمیت ہر قسم کا کام کیا جا رہا ہے۔ 2018-19 میں ہی ہم نے کہا تھا کہ تمام خستہ حال تاروں کو تبدیل کیا جائے اور ایک سال کے اندر آپ لوگوںنے تمام خستہ حال تاروں کو تبدیل کر دیا ہے۔ اس کے لیے میں ایک بار پھر آپ کو مبارکباد دیتاہوں۔ میری آپ تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ کہیں کوئی تار خستہ حال نہ ہو جائے اس پر نگرانی رکھیں اور اس کو ہمیشہ درست کر تے رہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے اسمارٹ پری پیڈ میٹر لگانے کی تجویز دی تھی۔ اس کام کو تیزی سے مکمل کریں۔ پرنسپل سیکرٹری توانائی اسے بتا رہے ہیں کہ اس کام کو 2025 تک مکمل کر لیاجائے گا۔ اسمارٹ پری پیڈ میٹرسے تمام صارفین کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ مہنگی بجلی خرید تے ہیںاور صارفین کوسستی شرح پر دیتے ہیں۔اس کے لئے ریاستی حکومت اپنی طرف سے خرچ کرتی ہے۔
بل میں سب کچھ لکھا ہوتا ہے۔ کچھ لوگ مفت میں بجلی دینے کی بات کرتے ہیں۔ ہم لوگ بجلی کے حوالے سے بہت کام کر رہے ہیں۔ پورا ملک ایک ہے اور ترقی پورے ملک کی ہونی ہے، ملک کے ہر شہری کی فلاح کے لیے کام کرنا ہے، ہر علاقے کی فلاح کا کام کرنا ہے تو پھر فرق کیوں کیا جاتا ہے، مرکزی حکومت کو اسے سمجھنا ہوگا۔ ہم لوگوں نے کہا ہے کہ بجلی میں 'ون نیشن ون ٹیرف' ہونا چاہیے۔ پورے ملک کے لیے ایک ہی ٹیرف ہونا چاہیے۔ سارا کام مرکز کا ہے،وہیں سے آپ سب کو بجلی دے رہے ہیں۔جب بھی کوئی میٹنگ ہوتی ہے تو ہمارے وزیر توانائی مسٹر بیجندر پرساد یادو اپنی بات رکھتے ہیں۔ ہم لوگ اب ہر گاوں میں سولر اسٹریٹ لائٹس پہنچا رہے ہیں۔ ہر وارڈ میں 10-10 سولر اسٹریٹ لائٹس لگائی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ ہر پنچایت میں 10 مزید سولر لائٹس الگ سے دی جا رہی ہیں تاکہ ہر اسکول، ہیلتھ سنٹر اور'پنچایت سرکار بھون' میں بجلی کی کوئی پریشانی نہ ہو۔
اگر کسی وارڈ کو آبادی کے حساب سے زیادہ لائٹ کی ضرورت ہے تو وہاں اضافی سولر اسٹریٹ لائٹس دینے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ہم لوگ شمسی توانائی کو بہت فروغ دینے جا رہے ہیں۔ ہم نے 2019 میں جل ،جیون، ہریالی مہم کا فیصلہ کیا اور اسی لیے ہم نے کہا کہ شمسی توانائی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہونا چاہیے۔ ابھی تو لوگوں کو بجلی مل رہی ہے لیکن آپ سوچئے ایک وقت آئے گا تو بجلی کی پیداوار ہو پائے گی؟ شمسی توانائی قدرتی ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ تشہیر ہو نی چاہئے۔ 250 میگاواٹ لکھی سرائے کے لیے اور پیرپینتھی بھاگلپور میں 200 میگاواٹ کے لیے کام شروع کیا گیا ہے۔ رات کو بھی گاوں اسٹریٹ لائٹ سے روشن ہو گا۔ ہم لوگوںنے سب کے گھر میں بجلی پہنچادی ہے۔ بجلی کی سپلائی پر بھی نظر رکھیں، بروقت بجلی سپلائی کرتے رہیں۔
پروگرام میں محکمہ توانائی کے پرنسپل سکریٹری مسٹر سنجیو ہنس نے وزیر اعلیٰ کا خیرمقدم سبز گچھا اور مومینٹو پیش کر کے کیا۔ پروگرام میں توانائی کے شعبے کی حصولیابیوں پر مبنی ایک مختصر فلم دکھائی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے توانائی کے شعبے کی حصولیابیوں پر مبنی ارجن وائن کتابچہ کااجرا کیا۔ پرو گرام میںتوانائی، منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر بیجندر پرساد یادو، چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت و سڑک تعمیرات مسٹر پرتئے امرت اور بجلی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری سنجیو ہنس نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، ڈیولپمنٹ کمشنر مسٹر وویک کمار سنگھ، محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ، جنوبی بہارپاور ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹرمہندر کمار ، شمالی بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈکے منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر پربھاکر سمیت دیگر افسران، محکمہ توانائی کے انجینئرز موجود تھے جبکہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ممبران پارلیمنٹ، ارکنان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل دیگر عوامی نمائندے اور عہدیدارمنسلک تھے۔ پروگرام کے بعد وزیر اعلیٰ نے نو تعمیر بجلی کی عمارت -3 کے نیم پلیٹ کی نقاب کشائی اور ریبن کاٹ کر افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے تو تعمیر عمارت کی پہلی اور تیسری منزل کے مختلف کمروں کا معائنہ بھی کیا۔
یو این آئی