وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ریاست اور ملک کے باشندوں کو عیدالفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید انعام کا دن ہے۔
ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے عیدالفطر کے موقع پر ریاست اور ملک کے باشندوں خصوصی طور پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں روزے داروں کے ذریعہ کی گئی عبادتوں کی برکت سے ان کے گھر کے ساتھ ساتھ ریاست اور ملک میں امن اور خوشحالی آئے گی۔ میری دعا ہے کہ سماج میں امن چین، اتحاد پورے طور پر قائم رہے۔
عید کا دن انعام کا دن ہے۔ خدا اس مبارک دن پر اپنے نیک بندوں کو انعام سے نوازتا ہے۔ خدا ہم سب پر اپنی رحمتوں کی بارش کرے۔ ہم سب کی زندگی امن خوشی اور ترقی سے مالا مال ہو۔
یہ بھی پڑھیں: بہار میں لاک ڈاﺅن میں مزید 10 دنوں کی توسیع
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان ایک عظیم ملک ہے۔ یہاں مختلف مذاہب اور طبقہ کے درمیان آپسی محبت خیر سگالی بے مثال ہے۔ یہاں سبھی لوگ ایک دوسرے کے تیوہار میں شامل ہو کر خوشیاں بانٹتے ہیں اور ایک دوسرے کے مذاہب کی عزت کرتے ہیں۔ اسی سے ملک اور ریاست کو مضبوطی اور طاقت ملتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ اور اس کے انفیکشن کے پیش نظر سبھی کو ہوشیار رہنا بہت ضروری ہے۔ آپ سب لوگ گھروں میں عبادت کریں، آپ کے تعاون سے ہی اس سے مقابلہ کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔