گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں چھٹ کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور یہ پرامن ماحول میں ختم بھی ہو گیا ہے۔ ضلع کے شہری حلقوں سمیت دیہی علاقوں میں بھی چھٹ تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس دوران سوشل میڈیا پر چھٹ تہوار کی مبارکباد بھی ایک دوسروں کی جانب سے پیش کی گئی تاہم اس دوران سب سے زیادہ ایک تصویر گیا کے وزیر گنج علاقہ کی وائرل ہو رہی ہے۔ جہاں ایک مسلم لڑکی چھٹ کی رسم کو ادا کرتے ہوئے نظر آرہی ہے۔ لڑکی کا تعلق گیا ضلع کے وزیر گنج تھانہ علاقے کے میر گنج گاؤں سے ہے۔ اطلاع کے مطابق مسلم لڑکی گزشتہ 5 برسوں سے وہ چھٹ کے موقع پر اگتے اور ڈوبتے سورج کو ارق دیتی ہے۔ اس بار بھی وہ اس تہوار کی رسم ادا کرتے ہوئے نظر آئی، اس دوران لڑکی کے والدین بھی موجود تھے۔ جس سے یہ بھی واضح ہے کہ وہ والدین کی مرضی سے تہوار میں چھٹ پوجا کی رسم ادا کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
گیا میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ چھٹ پوجا
لڑکی کے والد محمد گڈو نے بتایا کہ جسمانی نقائص کو دور کرنے اور خواہشات کی تکمیل کی اُمید سے اس کی بیٹی ریوا خاتون گزشتہ پانچ برسوں سے ورت اور چھٹ کی رسم ادا کررہی ہے۔ پہلے پڑوسیوں کے تعاون سے کرتی تھی تاہم اب وہ خود اس کی جانکار ہوگئی ہے اور وہ اس کو خود کرتی ہے، والد کے مطابق کسی پریشانی کے سبب چھٹ کے موقع پر رسم ادا کرنے کا سلسلہ شروع کیا جو ہر برس جاری ہے۔ وہیں مسلم لڑکی کے اس عمل کے تعلق سے علاقہ میں خوب چرچا ہے۔ واضح ہو کہ وزير گنج تھانہ حلقہ میں میر گنج گاؤں ہے۔ جہاں اکثریتی طبقہ کی آبادی ہے اور وہاں دس گھر سے بھی کم مسلم طبقہ کی آبادی ہے۔ ريوا خاتون کا کنبہ بھی اسی گاؤں میں آباد ہے۔