ریاست بہار کے بھاگلپور میں واقع پریدھی پیس سینٹر نامی تنظیم کی جانب سے خواتین کے معاملات پر مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں شہر کی معروف شاعرات نے شرکت کی اور اپنے اپنے کلام پیش کیے۔
مشاعرے میں شامل خواتین نے معاشرے میں عورتوں کے تئیں مردانہ رویہ پر افسوس کا اظہار کیا اور خواتین کے تعلق سے معاشرے کو اپنا نظریہ بدلنے پر زور دیا۔ اس دوران مشاعرے میں خواتین نے سماج میں جاری جہیز کے موضوع پر بھی نظم پیش کی۔ ساتھ ہی معاشرے میں عورتوں کے تئیں جاری ظلم و زیادتی پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
خواتین کا کہنا تھا کہ عورتوں کو مردوں کے مساوی حقوق دینے کی بات تو بہت کی جاتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ عورتوں کو سماج نے اب بھی برابری کا حق نہیں دیا ہے، اور بدلاؤ کے نام پر پبلیسٹی زیادہ اور کام کم ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
جموں: روہنگیا پناہ گزینوں کا ویریفکیشن شروع، کئی روہنگیا ہولڈنگ سنٹر منتقل
پریدھی پیس سنٹر کی جانب سے رواں ہفتہ کو یوم خواتین کے طور پر منایا جا رہا ہے اور خواتین پر مبنی مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ آج کا یہ مشاعرہ بھی اسی کی ایک کڑی تھی۔ مشاعرہ کی نظامت معروف سماجی کارکن سنگیتا نے کی جبکہ نظامت کے فرائض لاڈلی راج نے انجام دیے۔