گزشتہ روز جمعہ کو گیا کے بیلاگنج تھانہ حدود میں ایک کمسن بچی کی لاش کھیت سے برآمد ہوئی تھی، لواحقین نے بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کی بات کہی تھی، پولیس نے اس سلسلے میں ابتدائی جانچ رپورٹ میں بچی کے ساتھ کسی بھی طرح کی جنسی زیادتی سے انکار کر دیا ہے۔ پولیس کے اعلیٰ افسران نے جمعہ کو ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس اپنی سطح سے جانچ پڑتال میں لگی ہے جو بھی رپورٹ آئے گی اسے منظر عام پر لایا جائے گا۔
آج ایس ایس پی راجیو مشرا کے سرکاری نمبر سے پریس ریلیز جاری کر کے پولیس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز بیلاگنج میں علاقہ میں ایک لڑکی کی لاش برآمد ہوئی تھی، ہلاک شدہ لڑکی کے والد کے بیان پر بیلاگنج تھانہ میں ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔
جس میں والد کی طرف سے جنسی زیادتی کیے جانے کی بات بھی کہی گئی تھی، پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جس میں یہ بات ڈاکٹروں کی طرف سے کہی گئی ہے کہ بچی کا گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹروں کی جانچ میں جنسی زیادتی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
ایس ایس پی راجیومشرا کی ریلیز کے مطابق بچی گھر سے باہر نکلی تھی کافی دیر تک جب وہ گھر واپس نہیں آئی تو گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی، تبھی گھر سے ڈیڑھ سو میٹر کی دوری پر لڑکی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کو والد نے جنسی زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کا بیان دیا تھا۔ تاہم ڈاکٹروں نے جنسی زیادتی کا کوئی ثبوت ملنے سے انکار کیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں گلا گھونٹ کر قتل کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی ہے، ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماری کی جارہی ہے حالانکہ پولیس نے قتل کے پیچھے کی وجہ کا انکشاف نہیں کیا ہے۔