ملک بھر میں کورونا وائرس کے انفیکشن میں اضافہ جاری ہے۔ ادھر بہار میں راحت کی خبر آئی ہے۔ یہاں پانچ مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
ریاست میں پیر کے روز کورونا وائرس کا کوئی مثبت واقعہ نہیں پایا گیا ہے۔ ریاست میں ابھی تک کورونا وائرس کے 32 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے منگیر کا رہنے والا ایک مریض گزشتہ دنوں ہلاک ہو گیا تھا۔
اچھی خبر یہ ہے کہ بہار کے 38 میں سے 28 اضلاع سے کورونا مثبت کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا ہے۔ ریاست بہار کے کشن گنج ضلع کی بات کی جائے تو یہاں آج 42 مشکوک مریضوں کی جانچ کی گئی، جن میں سے ایک بھی مریض کورونا پازیٹیو نہیں پایا گیا۔
ضلع میں لاک ڈاؤن کا ملا جلا اثر دکھ رہا ہے۔ شہر میں تو پولس مستعد ہے، لیکن گاؤں دیہات کے چھوٹے بازاروں میں اب بھی خاصی بھیڑ دیکھی جا سکتی ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں سیاسی اور مذہبی دونوں رہنماؤں کے ذریعہ مسلسل اپیل کی جا رہی ہے کہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں، سڑکوں پر بے جا گاڑئیاں نہ دوڑائیں اس کے باوجود لوگ حرکتوں سے باز نہیں آرہے ہیں۔
اسی بیچ مجلس اتحاد المسلمین کے کوچادھامن لیڈر اظہار اصفی نے کہا کہ عوام کو لاک ڈاؤن کا سختی سے عمل کرنا چاہئیے، کیونکہ یہ کورونا وائرس سے بچنے کا یہی واحد علاج ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جتنا اس کی مخالفت کریں گے کورونا اتنا ہی ہمارے قریب آتا جائے گا، اس لئے بہتر ہے کہ اس کے خاتمے کے لئے گھروں پر ہی ٹھہرا جائے۔ بے جا گھروں سے باہر نہ نکلا جائے۔
انہوں مزید کہا کہ حکومت بہار کی جانب سے لاک ڈاؤن متاثرین کو مدد کا بھروسہ دلایا گیا ہے، امید ہے سرکار اپنی کتھنی کو کرنی میں بدلے گی۔
یہ پوچھے جانے پر کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اظہار اصفی کوچادھامن کی عوام کی کس طرح مدد کر رہے ہیں، تو انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی مدد یہی ہے کہ لوگوں سے دوریاں بنائی جائے۔ سرکار نے مالی تعاون کا بھروسہ دلایا ہے اگر سرکار عوام کی امیدوں پر کھرا نہیں اترتی تو ہم ہر طرح سے مدد کے لئے تیار ہیں۔