ریاست بہار کے ضلع گیا میں کورونا سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ شدید گرمی اور لو سے عوام کو بچانے کا انتظامیہ کے سامنے ایک اور بڑا چیلنج پیش ہے۔ شدید گرمی اور لو کے پیش نظر اے این ایم سی ایچ میں مکمل تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ ڈی ایم ابھیشیک سنگھ نے آج اے این ایم سی ایچ کا دورہ کیا اور اے این ایم سی ایچ میں ‘ہیٹ ویو، گرمی سے متاثرہ امکانی مریضوں کے لیے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ جائزہ میں محکمہ صحت کی طرف سے بتایا گیا کہ 50 بیڈ کا ایک خصوصی وارڈ اس کے لیے تیار کیے گئے ہیں، جہاں ہیٹ ویو سے متاثرہ مریضوں کو مکمل علاج فراہم کیا جائے گا۔
ڈی ایم نے تمام بیڈ پر ہسپتال اسٹاف کی مناسب تعداد رکھنے کی ہدایت دی ہے، ساتھ ہی ہدایت دی کہ پینے کے پانی کے انتظامات معقول ہوں۔ انہوں نے باشندوں کو دن کے 12 بجے سے شام 4 بجے تک باہر جانے سے منع کیا ہے۔ اس کی تعمیل کرانے کے لیے متعلقہ سب ڈویژنل آفیسر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سب ڈویژنل آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مائک سے لوگوں تک اس کے متعلق مسلسل اطلاعات پہنچائیں، اگر کسی کو دن میں 12 بجے کے بعد انتہائی ضروری کام سے نکلنا ہے تو وہ گمچھا اور پانی اپنے ساتھ لے کرنکلیں۔
محکمہ پی ایچ ای ڈی اور میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرمی کو مد نظر رکھتے ہوئے پانی کے ٹینکروں کو جگہ جگہ رکھیں تاکہ سڑک پر آنے جانے والوں کو بھی پانی کی قلت نہ ہو۔
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ گیا کو ہدایت دی گئی ہے کہ گرمی اور ہیٹ ویو سے متعلق وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے کے لیے جگہ جگہ فلیکس، بینر لگوائیں۔ ساتھ ہی ہیٹ ویو کے پیش نظر ڈی ایم نے نگما مانیسٹری کا بھی معائنہ کیا جہاں قرنطینہ میں رہنے والوں کے لیے پینے کے صاف پانی کے مناسب انتظامات رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے ٹرانزٹ پوائنٹ مگدھ یونیورسٹی کا بھی معائنہ کیا۔ وہاں متعلقہ رجسٹر کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے مگدھ یونیورسٹی میں گلوکوز، پانی اور بسکٹ وغیرہ کے نظام کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔
اس کے بعد انہوں نے گیا ریلوے اسٹیشن کے احاطے کا بھی معائنہ کیا جہاں زیادہ سے زیادہ تارکین وطن مزدور ٹرینوں کے ذریعہ آرہے ہیں۔
لو اور گرمی کے پیش نظر ضلعی مجسٹریٹ ابھیشیک سنگھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دن کے 12 بجے سے شام 4 بجے تک گھر سے باہر نہ نکلیں۔ لو اور گرمی کے لیے جاری کردہ مشورے پر بھی عمل کریں۔