بہار کے ضلع ارریہ کے حلقہ نگر تھانہ کے اوم نگر وارڈ نمبر 8 میں آج صبح نئی شادی شدہ خاتون کی لاش گھر کے اندر رسی سے لٹکی ہوئی پائی گئی، خاتون کی خودکشی کے اس واقعہ سے پورے علاقے میں خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔
اہل خانہ نے فوراً نگر تھانہ پولس کو واقعہ کی اطلاع دی جس کے بعد تھانہ صدر کنگ کندن نے اپنے پولس اہلکاروں کے ساتھ جائے واقعہ پہنچے اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردیا۔
متوفی خاتون کا نام کلیانی کماری ہے جو پٹیگنا بوسی پنچایت کے باشندہ شنکر کمار جھا کی بیٹی ہے کلیانی کماری کی شادی ابھی حال میں تین ماہ قبل اوم نگر کے باشندہ شنکر جھا نامی شخص سے ہوئی تھی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شوہر بیوی کے درمیان اکثر تنازعہ ہوتا رہتا تھا لیکن ابھی حال ہی میں میاں بیوی کے درمیان ہوئے جھگڑے سے پریشان ہوکر خاتون نے خودکشی کرلی۔
جبکہ متوفی خاتون کے اہل خانہ نے اس کے سسرال والوں پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ متوفی لوگوں کی رچی ہوئی سازش ہے جس میں ہماری بیٹی کی جان گئی ہے'۔
متوفی کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ 'ان کی بیٹی کے ساتھ گزشتہ کئی دنوں سے جہیز کو لے کر مارپیٹ کی جا رہی تھی، حالانکہ اپنی نساط کے مطابق لڑکی کے اہلخانہ نے ہر چیز جہیز میں دینے کی کوشش کی لیکن پھر بھی لڑکے والے مزید سامان کا مطالبہ کرنے لگے اور کلیانی کماری کے سسرالی رشتہ دار مسلسل میری بیٹی سے مارپیٹ اور جھگڑا کرتے رہے یہ خودکشی نہیں بلکہ ایک قتل ہے'۔
واقعہ کے بعد سے متوفی کا شوہر اور سسر گھر سے فرار ہے جبکہ لڑکی کی ساس رمبھا دیوی نے کہا کہ دیر شب دونوں میاں بیوی کے درمیان کسی بات کو لے کر نوک جھونک ہوئی تھی مگر ایسا ہو جائے گا اس کا اندازہ نہیں تھا، پولس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے اور متوفی کی ساس کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
نگر تھانہ ایس ایچ او کنگ کندن نے بتایا کہ خاتون کی موت کیسے ہوئی، یہ قتل ہے یا پھر خودکشی، یہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی پتہ چل سکے گا۔