پٹنہ: لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) کے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے آج بہار کے گورنر پھاگو چوہان، نائب وزیراعلیٰ تارکیشور پرساد اور رینوی دیوی، اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو اور سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی سے ملاقات کر کے انہیں اپنے والد ایل جے پی کے بانی اور سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، جس میں راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے سپریمو لالو پرساد یادو کے بھی شریک ہونے کا امکان ہے۔
ایل جے پی رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے بدھ کی صبح سب سے پہلے راج بھون جاکر گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے والد آنجہانی، رام ولاس پاسوان کی پہلی برسی کے موقع پر 12 ستمبر کو یہاں کرشنا پوری میں واقع اپنے رہائش گاہ پر منعقد ہونے والے پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
اس کے بعد پاسوان نے سابق وزیراعلیٰ اور ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم ) کے چیف جیتن رام مانجھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر کے انہیں بھی پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
اس کے بعد پاسوان سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچے اور اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو سے ملاقات کی۔ دونوں لیڈران کے مابین کافی دیر تک بات چیت ہوئی۔
مزید پڑھیں:Lalu Prasad Yadav birthday: منفرد لب و لہجے کے رہنما لالو پرساد یادو کی 74 ویں سالگرہ
اس ملاقات کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ حالانکہ ملاقات کے بعد پاسوان نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ وہ اپنے والد رام ولاس پاسوان کی برسی میں شامل ہونے کی دعوت دینے یہاں آئے تھے۔
انہوں نے اپنے والد رام ولاس پاسوان اور راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) صدر لالو پرساد یادو کے مابین بہتر تعلقات کو یاد کیا اور کہاکہ وہ گھریلو تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ اس ملاقات کا کوئی سیاسی مطلب نہیں نکالا جانا چاہئے۔
یو این آئی