قومی لوک عدالت ہر چار ماہ پر منعقد ہوتا ہے، جس میں دو فریقین کے درمیان آپسی صلح سے موقع پر معاملہ حل کر کیس رد کر دیا جاتا ہے۔ لوک عدالت کا افتتاح ضلع ایڈیشنل جج اول راجیش رنجن، اے ڈی ایم انیل کمار سنگھ اور ضلع ایڈیشنل جج دھیرندر کمار نے شمع روشن کر کیا۔
ارریہ کورٹ احاطہ میں درجنوں کیمپ لگائے گئے جس میں بجلی محکمہ، بیما کمپنی، ٹیلی کمیونیکیشن، بینک، ایل آئی سی، نامزد معاملہ وغیرہ کے درجنوں معاملہ کا نپٹارا کیا گیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں لوگ پہنچے اور ایسے قومی لوک عدالت لگائے جانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خوشی ظاہر کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل جج اول راجیش رنجن نے کہا کہ یہ ایک اچھا موقع ہے جب لوگوں کے آپسی رضا مندی سے کئی معاملات حل ہو جاتے ہیں، اس طرح کے عدالت لگنے کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ لوگوں کو زیادہ وقت انتظار نہیں کرنا پڑتا ہے، جو معاملات مہینوں سے زیرالتوا ہیں اسے ترجیحی طور پر حل کر لیا جاتا ہے اور ایسے میں عدالت کے اندر بڑھتی فائل کم ہوتی ہے۔ ایسے لوک عدالت سے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے اور لوگوں کو اس تعلق سے بیدار بھی کرنا چاہیے۔