بہار اسٹیٹ ویجی لینس انوسٹی گیشن بیورو نے نالندہ ضلع کے تھرتھری بلاک میں وزیراعظم رہائش منصوبہ کے معاون وکاس کمار کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
بیورو کے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے تھر تھری تھانہ علاقہ کے بھتہر گاﺅں کے باشندہ کملیش پرساد نے بیورو میں شکایت درج کرائی تھی کہ وزیراعظم رہائش منصوبہ کے معاون وکاس کمار نے وزیراعظم رہائش منصوبہ کے تحت رہائش کی تعمیر کیلئے بقیہ رقم کی ادائیگی کرنے کے عوض میں ان سے رشوت کا مطالبہ کیاہے۔
معاملے کی تصدیق کرائے جانے کے بعد بیورو کے ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ سرویش کما ر سنگھ کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم کی تشکیل کی گئی۔
ذرائع نے بتایاکہ وکاس کمار تھر تھری بلاک دفتر کے گیٹ پر کملیش پرساد سے بطور رشوت 10 ہزار روپے لے رہے تھے اور اسی دوران نگرانی کی ٹیم نے ان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم کو بیورو ہیڈکوارٹر پٹنہ لے جایا جارہا ہے جہاں تفتیش کے بعد ان کو نگرانی کے لیے خصوصی عدالت میں پیش کیاجائے گا۔