گیا شہر میں واقع علی گنج موڑ پر فاسٹ فوڈ اور گول گپے کا کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اقتدار میں کوئی بھی آئے ہمیں تو روزی روٹی کے لیے مزدوری ہی کرنا ہے۔
شہر گیا کے علی گنج موڑ پر سڑک کے کنارے درجنوں ٹھیلے اور فٹپاتھ دکانیں لگتی ہیں۔ بہار میں انتخابات ہونے ہیں انہیں بھی معلوم ہے تاہم دلچسپی نہیں ہے۔ ووٹ تو ڈالیں گے لیکن حکومت سے فائدے یا نقصان کے لیے نہیں کیونکہ یہ بھی رہنماؤں کے وعدے اور جملے سن کر تھک ہار چکے ہیں۔
65 سال کے کپل کمار رہنماؤں کے وعدے سن کر اتنے مایوس ہیں کہ انھیں کسی کی حکومت بننے یانہ بننے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عظیم اتحاد کی یاپھر این ڈی اے کی یا پھر کسی اور اتحاد کی ان کے تو حالات وہی ہوں گے جو آج ہیں۔ حکومت میں کوئی بھی کیا فرق پڑتا ہے۔محنت مزدوری تو کرنی ہے۔
محمد آصف کہتے ہیں جوانوں کو برادری مذہب کے بندھن سے اوپر آکر روزگار بنیادی سہولیات اچھی تعلیم اور بہتر ہیلتھ سسٹم کا ایجنڈا لے کر ووٹ کرنا چاہیے۔
ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ ایک مہم چلے تاکہ رہنماؤں سے سوال ہو کہ جیت کے بعد وہ ان کے لیے کیا کریں گے؟ آگے کا منصوبہ کیا ہے؟، انہوں نے تیس سالوں سے گیا شہری حلقے میں بی جے پی کے پریم کمار کی جیت پر کہا کہ ہوسکتا ہے ساتویں بار بھی جیت جائیں لیکن سوال تو ان پر بھی ہے کہ تیس سالوں سے انہوں نے یہاں کون سے بڑے کام کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر گیا آلودہ شہروں میں سرفہرست ہے باوجود بھی وہی جیتے ہیں تو اس میں حیرانی کی بات نہیں ہے۔
پرکاش داس کہتے ہیں کہ وہ ایم اے کیے ہوئے ہیں لیکن دس ہزار کی نوکری فاسٹ فوڈ میں کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ حکومت کسی کی ہو لیکن اب بیروزگاروں کو روزگار دے۔
پانی پوری کی دکان چلا رہے شنکر نے کہا کہ انہیں پہلے اپنے کنبے کی پرورش کی فکر ہے. رہنما آئیں گے اور چلے جائیں گے. جیت بھی جاتے ہیں تو ہمارے دکھ درد کو دیکھنے نہیں آئیں گے
گیا میں پہلے مرحلے میں دس سیٹوں پرووٹنگ ہوگی۔ گیا شہری حلقہ سے سے تیس سالوں سے نمائندگی کررہے ریاستی وزیر ڈاکٹر پریم کمار اس مرتبہ بھی بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ ان کے مدمقابل کانگریس کی ٹکٹ پر تیرہ سالوں سے میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر موہن شریواستو امیدوار ہیں۔