سیتامڑھی: ریاست بہار کے سیتامڑھی ضلع کے نان پور تھانہ علاقے میں اتوار کی دیر رات شراب اسمگلرز اور پولیس کے درمیان تصادم میں ایک مشتبہ شراب اسمگلر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع سے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے پیر کو بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس شراب اسمگلر کے خلاف چھاپہ مارنے کے لیے آدھی رات کو بدھ نگرا گاؤں پہنچی تھی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی جس میں ایک ملزم پرنس سنگھ کو گولی لگی جس کی صدر اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ متوفی کا تعلق بدھ نگرا گاؤں سے بتایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد سرچ آپریشن میں تین دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Attack On Police Team بہار میں شراب مافیا کی گرفتاری کے دوران پولیس ٹیم پر حملہ
پولیس نے موقع سے ایک پستول بھی برآمد کیا ہے۔ واقعے کے بعد سے پورے علاقے میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس علاقے میں شراب اسمگلرز کو گرفتار کرنے گئی تھی۔ پرنس کا تعلق شراب کے کاروبار سے بتایا جاتا ہے۔ پرنس کئی مقدمات میں مفرور تھا۔ پرنس کے خلاف مظفر پور ضلع میں کئی مقدمات درج ہیں۔ پرنس کے خلاف نان پور تھانہ علاقے میں بھی کئی مقدمات درج ہیں، جن میں وہ مفرور تھا۔ گولی لگنے سے زخمی پرنس کو علاج کے لیے بخارا پی ایچ سی لایا گیا جہاں سے اسے بہتر علاج کے لیے سیتامڑھی صدر اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ صدر اسپتال میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ اس کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔