بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ریاست میں 60 فیصد سے زائد جرائم کی وجہ زمینی تنازعہ کو بتایا اور کہاکہ زمین سے متعلق مسائل کے حل سے سماج میں مزید امن کا قیام ہوگا۔
نتیش کمار نے منگل کو یہاں ایک انے مارگ واقع سنکلپ میں محصولات و اصلاحات اراضی محکمہ کی جائزہ میٹنگ میں کہاکہ سال 2005 میں شروع کئے گئے ” جنتا دربار میں وزیراعلیٰ “ پروگرام کے دوران زیادہ ترمسائل زمین سے متعلق پائے گئے تھے۔مجموعی جائزہ اور مطالعہ کے بعد نیا قانون بنایا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ریاست میں ساٹھ فیصد سے زائد جرائم زمینی تنازعہ کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ زمین سے متعلق تنازعہ کا حل ہونے سے سماج میں مزید امن کا قیام ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست میں ترقیات سے متعلق متعدد کام کئے گئے ہیں۔ اس سے زمین کی قیمت بھی بڑھی ہے ۔ کچھ لوگ زمین کی دھاندلی کے کام میں بھی ملوث ہیں۔
حکومت کا مقصد زمین سے متعلق آپسی تنازعہ کو ختم کرانا ہے اس لئے ایسی تدبیر کی جائے کہ کوئی بھی زمین کی ملکیت میں گڑبڑی نہ کرسکے ۔ سماج میں امن رہنے سے ترقی کا حقیقی فائدہ لوگوں کو مل سکے گا۔
کمار نے کہاکہ زمین سے متعلق مسائل کے حل کے لئے مہینے میں ایک بار ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ پندرہ دن میں ایک بار سب ڈویژنل افسر اور سب ڈویژنل پولیس افسر اور ہفتہ میں ایک دن سرکل افسر اور تھانہ صدر یقینی طور سے اجلاس کریں۔ جو بھی گڑبڑی کرے اس پر کاروائی کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ گنگا ندی کے کنارے کی زمین ریکارڈ کے مطابق جس ضلع کے تحت آتے ہیں اسے ان اضلاع میں جلد ازجلد منتقل کیا جائے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ زمین کے حقیقی کاغذات سرکل دفتر میں رکھے جائیں۔ ان کاغذات کی اسکیننگ بھی کرائی جائے تاکہ ریکارڈ پوری طرح محفوظ ہو سکے۔
انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ سرکل افسر کو محکمہ جاتی کاموں میں زیادہ سے استعمال کیا جائے ۔ انہیں آفات کے کچھ کاموں کو چھوڑ کر دیگر کاموں میں نہ لگایا جائے ۔
کمار نے کہاکہ عوامی شکایت حل قانون کے تحت زمین سے متعلق زیر التوا کاموں کا تیزی سے نپٹارہ کریں۔ بینامی اراضی کی بھی شناخت کریں ۔ جو لوگ چوری چھپے تجارتی کام کر رہے ہیں ان کی شناخت کر ان پر کمرشیل ٹیکس بھی لگائیں۔
انہوں نے کہاکہ محصولات محکمہ سے متعلق سبھی ملازمین کی نگرانی ہو اور محکمہ میں ضرورت کے مطابق عہدوں پر تقرری کی جائے تاکہ کام میں کوالیٹی اور رفتار متاثر نہ ہو۔
اجلاس میں محصولات اور اصلاحات اراضی کے وزیر رام صورت کمار ، چیف سکریٹری دیپک کمار ، ڈیولپمنٹ کمشنر ارون کمار سنگھ ، محصولات پارشد کے صدر تری پراری شرن ، محکمہ داخلہ اور جنرل ایڈمنسٹریشن کے ایڈیشنل چیف سکریٹری عامر سبحانی ، محصولات و اصلاحات اراضی محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ویویک کمار سنگھ ، مالیات محکمہ کے پرنسپل سکریٹر ی ایس سدھارتھ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار ، اسٹاف سروس کمیشن کے صدررویندر کمار ، وزیراعلیٰ کے سکریٹری منیش کمار ورما اور انوپم کمار ، وزیراعلیٰ کے خصوصی ایکزیکٹیو افسر گوپال سنگھ سمیت دیگر افسران موجود تھے