گزشتہ دنوں نوجوان کمیونسٹ لیڈر کنہیا کمار و گجرات کے آزاد رکن اسمبلی جگنیش میوانی کو دہلی واقع مرکزی دفتر میں راہل گاندھی نے پارٹی کی رکنیت دلائی تھی جس کے بعد سے کانگریس میں ایک نیا جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔
کانگریس میں شامل ہونے کے بعد پہلی بار ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ پہنچے کنہیا کمار، جگنیش میوانی اور ہاردک پٹیل کا ریاستی لیڈران و کارکنان نے پارٹی دفتر صداقت آشرم میں زبردست استقبال کیا۔
کانگریس کے ریاستی صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا نے تینوں رہنماؤں کا استقبال پھول مالا اور روایتی متھلا پاگ پہنا کر کیا۔
کانگریس کے ریاستی صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا نے کہا کہ 'سبھی جانتے ہیں کنہیا کمار ایک بے باک لیڈر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔' انہوں نے اپنی زندگی کا آغاز جدوجہد اور مشکل ترین دور سے کی ہے۔'
کنہیا کمار فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف لڑتا ہے۔ کانگریس کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو مضبوطی سے مرکزی حکومت کے غلط پالیسی کے خلاف آواز بلند کرے اور غریب کسان بھائیوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائے۔'
کانگریس رہنما ہاردک پٹیل نے کہا کہ 'جس طرح سے اس دو نوجوان مجاہد کو کانگریس میں شامل کیا گیا ہے، ٹھیک اسی طرح پورے ملک میں گھوم گھوم کر ایسے نوجوانوں کو تلاش کروں گا جو ملک کو سرمایہ داروں اور فرقہ پرست ذہن رکھنے والوں سے بچانے کی سوچ رکھتا ہو۔'
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی مجھ سے ڈرتی ہے : کنہیا کمار
گجرات کے رکن اسمبلی جگنیش میوانی نے کہا کہ 'بہار کے مزدور کسان بھائیوں کا مجھ پر حق ہے، آج جو گجرات و دیگر ریاستوں میں جو بڑی بڑی بلڈنگ اور کارخانے لگے ہوئے ہیں اس میں ہمارے بہاری بھائیوں کا خون پسینہ شامل ہے۔ ہم آپ کے لیے ہمیشہ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہیں۔'
کنہیا کمار نے کہا کہ 'لوگ کہتے ہیں کانگریس میں کیسے ہم آہنگ ہوں گے تو ایسے لوگوں سے میں کہتا ہوں کانگریس ہی ایسی واحد پارٹی ہے جہاں اصول اور فکر کی بنیاد پر ہم آہنگ ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ کانگریس کا نظریہ ہی ملک کا نظریہ ہے۔ یہاں کسی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہے اور اس پارٹی نے اگر ملک کو آزاد کرانے میں قربانی پیش کی ہے تو یہی پارٹی فرقہ پرست طاقتوں سے ملک بچانے کی بھی طاقت رکھتی ہے۔