دھنباد: جھارکھنڈ کے بھورا کولیری علاقے میں کوئلے کی ایک غیر قانونی کان منہدم ہونے سے تین افراد کی موت ہوگئی اور کئی دیگر کے پھنس جانے کا خدشہ ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع بھورا پولیس اسٹیشن اور مقامی لوگوں کو ملی۔ جس کے بعد علاقے کے لوگوں نے فوری طور پر ملبے تلے دبے افراد کو باہر نکالا اور علاج کے لیے قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے تین افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ حادثے میں ایک 25 سالہ نوجوان، ایک خاتون اور ایک لڑکی کی المناک موت ہو گئی۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ یہاں سے تقریباً 21 کلومیٹر دور بھارت کوکنگ کول لمیٹڈ (بی سی سی ایل) کے بھؤرا کولیری ایریا میں صبح 10.30 بجے پیش آیا۔بھورا پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر بنود اوراون نے بتایا کہ بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں۔
انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے۔ موقع پر پہنچے جوراپوکھر انسپکٹر نے بتایا کہ غیر قانونی کان کنی میں بہت سے لوگوں کے دبے ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے اور غیر قانونی کان کنی کی جگہ کو بھرا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ 10 سے 15 افراد کان میں دبے ہوئے ہیں۔ 5 افراد کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ دھنباد میں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ غیر قانونی کان کنی کے ذریعے کوئلہ نکالتے ہیں۔ کوئلے کی غیر قانونی کان کنی کے دوران کئی لوگوں کی جان بھی چلی جاتی ہے۔لیکن پولیس کیس کے خوف سے لواحقین نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔