پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج راج بھون میں منعقد کی گئی کابینہ کے رکن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر نے راج بھون کے دربار ہال میں مسٹر رتنیش سدا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
پروگرام کے بعد وزیر اعلیٰ نے صحافیوں سے بات کی۔ جیتن مانجھی کے عظیم اتحاد حکومت سے علیحدگی کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے جیتن رام مانجھی سے کہا تھا کہ وہ اپنی پارٹی جے ڈی یو میں ضم کر لیں یا الگ ہو جائیں۔ اگر وہ ساتھ رہتے تو بی جے پی کو اطلاع دیتے رہتے۔
پٹنہ میں ملک کی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ ہونے جا رہی ہے۔ وہ چاہتے تھے کہ وہ بھی اس میٹنگ میں موجودرہیں۔ سب جانتے ہیں کہ وہ بی جے پی کے لوگوں سے مل رہے تھے۔ ہمارے یہاں بھی وہ آکر ملتے تھے اور سب بات کہتے تھے۔ اس کی جانکاری مجھے تھی۔ ایک بار جب وہ ہم سے ملنے آئے تو ہم نے ان سے کہا کہ جتنی عزت ہم نے آپ کو دی ہے کوئی اور نہیں دے سکتا۔ آپ یا تو اپنی پارٹی کو جے ڈی یو میں ضم کریں یا اگر آپ الگ ہونا چاہتے ہیں تو الگ ہوجائیں۔ انہوں نے پارٹی کے انضمام کو قبول نہیں کیا اور علیحدگی اختیار کر لی۔
اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں ہر کوئی اپنی اپنی پارٹی کی بات کرتے اور اگر یہ لوگ ساتھ رہتے تو میٹنگ میں جو کچھ ہوتا وہ سب بی جے پی کو پتہ چل جاتا۔ ہم نے انہیں اپنے کوٹے سے انہیں وزیر بنایا تھا۔
یواین آئی۔