بہار میں این ڈی اے کے درمیان اختلافات کا دور شروع ہو گیا ہے، ویکسین سرٹیفکیٹ پر وزیراعظم کی تصویر آویزاں کئے جانے پر ہندوستانی عوام مورچہ کے ترجمان دانش رضوان نے وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایاہے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین سرٹیفکیٹ پر جس طرح سے وزیراعظم کی تصویر آویزاں کی گئی ہے اسی طرح ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر بھی وزیراعظم کی تصویر آویزاں ہونی چاہیے۔
ہندوستانی عوام مورچہ کے ترجمان دانش رضوان نے کہا کہ ملک کے سربراہ صدر جمہوریہ ہوتے ہیں۔ اور بھارت کے صدر جمہوریہ دلت طبقہ سے آتے ہیں۔ سرٹیفیکیٹ پر ان کی تصویر ہونی چاہیے تاکہ دلتوں کی حوصلہ افزائی ہو۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ویکسین کی سرٹیفکیٹ پر وزیر اعظم کی تصویر کی وکالت کر رہے ہیں، ان کو یہ علم ہونا چاہیے کہ ملک میں مقیم دلتوں کی ایک بڑی آبادی نے اب تک ویکسین نہیں لیا ہے، سرٹیفکیٹ پر صدرجمہوریہ کی تصویر ہوگی تو ان لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ان میں اعتماد پیدا ہوگا۔
اگر ویکسین سرٹیفکیٹ پر وزیراعظم کی تصویر آویزاں کی جارہی ہے تو ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر بھی وزیراعظم کی تصویر آویزاں ہونی چاہیے۔