پٹنہ: ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح بہار میں شدیدگرمی سے عام لوگوں کا برا حال ہے۔ دارالحکومت پٹنہ میں آج کا دن سب سے زیادہ گرم رہا۔ آج کا درجہ حرارت 44 سے اوپر رہا جب کہ اس سے پہلے تک درجہ 42 اور 43 تھا۔ محکمہ موسمیات نے بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ بلاوجہ لوگ اپنے گھروں سے نہ نکلیں، صاف پانی کا استعمال کریں، ساتھ ہی آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت پٹنہ میں مزید تین چار دنوں تک موسم گرم رہے گا۔
ادھر شدیدگرمی اور لو کو دیکھتے ہوئے پی ایم سی ایچ میں ہیٹ اسٹروک کے شکار ہونے والے افراد کا بہتر علاج ہو سکے، اس کے لئے خصوصی وارڈ بنایا گیا ہے تاکہ ان کا بر وقت علاج و معالجہ کیا جا سکے۔ اسی طرح شدید گرمی اور لو کی وجہ سے بیمار پڑنے والے لوگوں کے لئے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایسے لوگوں کو فوری طور پر راحت پہنچانے کے لئے ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے، تاکہ آنے والے بیمار پڑنے والے لوگوں کا بہتر طریقہ سے علاج کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:Heatwave In Gaya درجہ حرارت 43ڈگری تک جا پہنچا، اسکولوں کے اوقات میں تبدیلیاں
درجہ حرارت میں تشویشناک اضافہ اور گرم لہر کو دیکھتے ہوئے ضلع کلکٹر چندر شیکھر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج سے تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں کا وقت صبح نو بجے سے لیکر ساڑھے دس بجے تک رہے گا۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے اگلی ہدایت ملنے تک اس گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔