گیا سول سوسائٹی نے حج کمیٹی آف انڈیا اور مرکزی حکومت سے گیا ایئر پورٹ کو دوبارہ امبارکیشن پوائنٹ بنانے کامطالبہ کیا ہے۔
بہار کے عازمین حج کی تعداد کورونا کا قہر اور سفر حج مہنگا ہونے کی وجہ کم ہوسکتی۔ حالانکہ آن لائن حج فارم 2021 پر کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
بہار کے عازمین حج کو بیس ہزار روپے مزید اخراجات برداشت کرنے ہوں گے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ 'گیا امبارکیشن پوائنٹ' کو حج پرواز 2021 کے لیے ختم کردیا گیا ہے، ایسی صورتحال میں بہار کے عازمین حج کو پہلے پٹنہ حج بھون رپورٹنگ اور حج سفر سے متعلق کاغذات لینے کے لئے پہنچنا ہو گا۔
اس کے بعد وہ وہاں سے کولکاتا کے لیے روانہ ہوں گے جس کی وجہ سے عازمین حج کو متعدد مشکلات کابھی سامنا کرنا ہوگا۔
ایک تو یہ کہ ہر برس بہار کے عازمین حج کو دوسری ریاستوں کے عازمین حج کی بنسبت زیادہ رقم ادا کرنی پڑتی ہے چونکہ اس مرتبہ فیس میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ایسی صورت میں ویسے افراد جو حج بدل میں جاتے ہیں انکی بھی تعداد کم ہوگی۔
بہار اسٹیٹ حج کمیٹی کے سینئر ٹرینر حاجی یوسف رضوی نے ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ گیا سے پرواز نہیں ہونے سے 100 میں 20 افراد اس مرتبہ سفر حج پر روانہ نہیں ہورہے ہیں کیونکہ ذاتی طور سے پیسے کا بوجھ بھی بڑھا ہے۔
کولکاتا سے آمدورفت اور وہاں قیام و طعام کے اخراجات بھی ان کے ذمہ ہوں گے۔ کورونا کی وجہ سے بھی متعدد پریشانیاں اور مسائل درپیش ہوں گے۔
گیا سے پرواز ہونے کی وجہ سے عازمین حج کو کافی آسانی ہوتی تھی، گیا ایئر پورٹ پر یہاں کے رضاکار بے لوث خدمات کے ساتھ عازمین حج کے طعام اور دیگر سہولیات کے انتظامات کو اپنی خوش نصیبی اور کارخیر سمجھتے ہیں۔
ایام پرواز اور واپسی کے دوران قریب دو ماہ سینکڑوں رضاکار حجاج کی خدمت میں خلوص اور محبت سے لگے ہوتے ہیں جسے دیکھ کر حجاج بھی مسرور ہوتے ہیں اور انکے تابناک ونیک مستقبل کے لئے دعاؤں سے بھی نوازتے ہیں۔
حاجی یوسف رضوی نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی نے بغیر اسٹیٹ حج کمیٹی کے مشورے کے گیا امبارکیشن پوائنٹ کو ختم کیا ہے ساتھ ہی حج کمیٹی آف انڈیا نے کئی سخت شرائط رکھی ہے. جس کی وجہ سے حاجیوں پر گہرا اثر پڑے گا اور یہاں کی تعداد کم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ بھی ہے کہ ہر برس حاجیوں کو انہی کی رقم سے اخراجات کے لیے ایئر پورٹ پر 2100 ریال ملتے تھے تاہم اس مرتبہ وہ بھی رقم کم کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بہار کے عازمین حج کی پرواز گیا ہوائی اڈے سے 2002 سے شروع ہوئی تھی پہلی پرواز کے افتتاحی تقریب کا افتتاح اس وقت کے محکمہ شہری ہوابازی کے وزیر شاہنواز حسین کے ہاتھوں عمل میں آیا تھا۔ 2004 میں پھر سے گیا سے پرواز بند ہوگئی بعد میں 2012 سے پھر سے گیا ہوائی اڈے سے بہار کے عازمین حج کی پرواز شروع ہوئی جو مسلسل جاری رہا تاہم حج 2021 کے شیڈول کے تحت گیا امبارکیشن پوائنٹ کو ختم کر دیا گیا ہے جس سے حاجیوں کی پریشانیوں ساتھ یہاں کے رضاکاروں میں مایوسی پائی جارہی ہے۔ رضاکاروں سمیت گیا سول سوسائٹی نے مرکزی حج کمیٹی اور حکومت سے گیا کو اس مرتبہ بھی امبارکیشن پوائنٹ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔