گیا: ریاست بہار کے گیا ہوائی اڈے سے آج 141 عازمین و عازمات سفر حج پر روانہ ہوئے۔ رات ڈھائی بجے عازمین حج کی بسیں پٹنہ حج بھون سے گیا ہوائی اڈے پر پہنچیں۔ یہاں ای ٹی وی بھارت نے مقدس سفر حج پر روانہ ہونے والے عازمین حج سے خصوصی گفتگو کی تو پٹنہ کے ایک عازم مظہرالحسن نے کہا کہ وہ سنہ 2020 میں ہی مقدس سفر پر روانہ ہونے کا ارادہ رکھ رہے تھے لیکن حج آپریشن ہی کووڈ کی وجہ سے منسوخ ہوگیا۔ مایوسی ہوئی تاہم اس برس حج پر جانے کو دل بے چین تھا۔ اللہ نے یہ موقع میسر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہاں جاکر وہ ملک میں امن و شانتی، عالم انسانیت کے لیے امن و محبت، بھائی چارہ، دین و ایمان کی حفاظت کے لیے دعائیں مانگیں گے۔ وہیں پٹنہ ضلع کے صغیر احمد نے کہا کہ جو خوشی ہے، وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ مقدس سفر حج پر روانہ ہو رہے ہیں۔ وہ کورونا کے دوران اس بیماری سے متاثر ہوئے، اس وقت ایسا محسوس ہوا کہ وہ حج پر روانہ نہیں ہوسکیں گے لیکن اللہ کے فضل سے ان کی قسمت میں مقدس گھر '' کعبة اللہ " کی زیارت تھی، آج وہ روانہ ہورہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Patna Haj Bhawan پٹنہ حج بھون میں آج شام دعائیہ تقریب کا انعقاد
واضح رہے کہ گذشتہ تین برسوں بعد اس برس بہار کے عازمین حج گیا ہوائی اڈہ سے روانہ ہو رہے ہیں۔ 2020 میں آپریشن نہیں ہوا جب کہ 2021 میں عازمین حج کی مخصوص تعداد روانہ ہوئی تھی۔ 2022 میں کولکاتا امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین روانہ ہوئے تھے، اس برس گیا ہوائی اڈے سے عازمین روانہ ہو رہے ہیں۔