گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کی سرزمین سے چھ مذاہب کے مذہبی پیشوا دنیا کو امن، عدم تشدد اور انسانیت کا پیغام دے رہے ہیں۔ آج گاندھی میدان میں امن کانفرنس جاری ہے۔ اس کا افتتاح سبھی مذہبی رہنماوں کے ساتھ بہار کے سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی نے شمع روشن کرکے کیا۔ اس دوران جے ڈی یو کے قانون ساز کونسل کے رکن آفاق احمد خان نے کانفرنس سے خطاب کے دوران یوکرین روس جنگ پر بھی اپنی تجویز پیش کی اور کہا کہ یوکرین اور روس بدھ کی سرزمین بودھ گیا میں مل بیٹھ کر مفاہمت کی کوشش کریں، جنگ فوراً بند ہونی چاہیے۔ بھارت کی طرف سے ان کو امن کی دعوت دی جاتی ہے اور امن سمجھوتے کے لیے اس سے بہترین مقام کیا ہوگا۔ گیا کی سرزمیں پر آج کی اس کانفرنس سے یوکرین جنگ کے لیے بہترین پیغام ہے انسانیت کو بچانے کے لیے سبھی کو آگے آنا چاہیے۔
سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب ہمیشہ نیکی کا راستہ دکھاتا ہے۔ ہر مذہب اپنے آپ میں بہترین ہے۔ کسی کو اپنے مذہب کو اچھا دکھانے کے لیے دوسرے مذہب کو برا بھلا نہیں کہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب کی خصوصیت ہمارے کردار اور طرز عمل سے ظاہر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام ہے کہ انسان کے ساتھ انسان کا بھائی چارہ ہونا چاہیے۔ واضح ہوکہ پیس ایسوسی ایشن آف انڈیا کے بینر تلے 16 سے 19 مارچ تک چلنے والے چار روزہ پیس مہوتسو میں دنیا کو امن کا پیغام دینے کے لیے ملک اور دنیا کے مختلف مذاہب کے عالمی شہرت یافتہ اسکالرز آج گیا میں اس ایک پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔
عالمی امن کانفرنس میں سناتن، اسلام، بدھ مت، سکھ، جین اور عیسائی مذاہب کے مذہبی رہنما اور اسکالرز موجود ہیں۔ اس میں آچاریہ گوسوامی سشیل، سمپورنانند سرسوتی اور پنڈت راماچاریہ جی مہاراج، بدھ مت سے وین پی سیوالی تھیرو اور بھکشو پرگیہ دیپ، دین اسلام سے حضرت سید نصیر الدین چشتی اجمیر شریف درگاہ، اطہر خان اور اعجاز احمد اسلم، سکھوں سے سردار پرمپال سنگھ سبرا اور سردار سورج سنگھ نلوا اور عیسائیت سے فادر ڈاکٹر ایم ڈی تھامس اور فادر جوائے وغیرہ کے نام نمایاں ہیں جو آج کی اس امن کانفرنس میں موجود ہیں۔ پروگرام میں مذہبی رہنماؤں کے علاوہ سیاسی وسماجی رہنماؤں کا بھی خطاب ہوگا۔ آج کے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں گیا اور اطراف کے لگ پہنچے ہیں اور لوگوں کے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔