گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں خانقاہ چشتیہ نظامیہ اشرفیہ درویشیہ کریمیہ بیتھو شریف کے زیر اہتمام سالانہ عرس انتہائی تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوگا۔ اس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سوموار کو خانقاہ چشتیہ نظامیہ اشرفیہ درویشیہ کریمیہ کے سجادہ نشیں حضرت سید شاہ غفران اشرفی نے پریس کانفرنس کرکے نامہ نگاروں کو اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ حضرت مخدوم درویش اشرف رحمة اللہ علیہ کا عرس تین مارچ بعد نماز فجر سے شروع ہوکر پانچ مارچ کو ختم ہوگا۔ اس عرس میں بڑی تعداد میں مریدین متوسلین و عقیدت مند پہنچتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تین مارچ کو بعد نماز فجر سے قرآن خانی کا سلسلہ شروع ہوگا جو ظہر نماز سے قبل تک چلتا رہے گا اور بعد نماز ظہر سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اہتمام ہوگا جس میں ملک کے نامور علما اور شعرا کی شرکت ہوگی، جب کہ عصر کی نماز کے بعد منقبتی طرحی مشاعرہ ہوگا، بعد نماز مغرب محفل سماں کا اہتمام ہوگا اور چار مارچ کو بھی اسی طرح پروگرام ہوں گے جب کہ چار مارچ کو بزم کہکشاں کے زیراہتمام نعتیہ مشاعرہ بھی ہوگا۔ پانچ مارچ کو خانقاہ کریمہ سے مخدوم درویش کی بارگاہ میں چادر پوشی کے لیے سجادہ نشیں سید شاہ غفران اشرفی کی قیادت میں جلوس نکلے گا جہاں آستانہ پر پہنچ کر چادر پوشی کی جائے گی اور اس کے بعد فاتحہ اور درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا جائے گا۔ واپسی کے بعد عام لنگر کا اہتمام ہوگا اور اس کے بعد صوفیوں کی روایت کے مطابق خانقاہی قوالی ہو گی۔ واضح ہوکہ خانقاہ کریمیہ ایک قدیم اور معروف خانقاہ ہے اور ہر برس یہاں خانقاہ میں عرس کا اہتمام ہوتا ہے۔ غفران اشرفی بہار کے بڑے اور معتبر شاعروں میں ایک ہیں۔ یہاں وہ عرس کے موقع پر اردو کے فروغ اور شاعروں و ادیبوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی ایک خاص تقریب کا انعقاد کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:Urs of Hazrat Bibi Kamal مخدومہ بی بی کمال کے سالانہ عرس کا آغاز