گیا میں بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن پٹنہ کے ذریعے کل یعنی 28 فروری کو منعقد ہونے والے اسسٹنٹ اردو مترجم کے ابتدائی امتحان کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ گیا میں کل پندرہ امتحان مراکز بنائے گئے ہیں۔ کل 12 ہزار 580 نوجوان اس امتحان میں حصہ لیں گے۔
ڈی ایم ابھیشیک کمار سنگھ اور ایس ایس پی ادتیہ کمار نے اس سے متعلق مشترکہ ہدایت جاری کر دی ہے۔ صبح دس بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک امتحان ہوگا۔ نقل سے پاک خوشگوار ماحول میں امتحان منعقد کرانے کے لیے 15 اسٹیٹس مجسٹریٹ اور پولیس افسران کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ بہتر ڈھنگ سے امتحانات منعقد کرانے کے لیے 58 مرکز پر مجسٹریٹ کی بھی تعیناتی کی گئی ہے جو بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن کے نمائندے کے طور پر کام کریں گے۔
مجسٹریٹ اپنے اپنے متعلقہ مرکز پر امتحان دہندگان کے ایڈمٹ کارڈ سے چہرے کو ملا کر اور پوری طرح سے جانچ کر کے ہی امتحان ہال میں جانے کی اجازت دیں گے۔ اس امتحان کو پانچ زون میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں پانچ زونل مجسٹریٹ اور پولیس افسران ہوں گے، ساتھ ہی ایک اڑن دستہ بھی بنایا گیا ہے جس میں اعلیٰ افسران شامل ہوں گے اور وہ مرکز پر جا کر امتحان کا جائزہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کو لمکا بک آف ریکارڈ میں ملےگی جگہ
ڈی ایم نے بتایا کہ 'سبھی امتحان مرکز پر جیمر لگایا گیا ہے۔ امتحان دہندگان کو کسی بھی طرح کے الیکٹرانک سامان لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی. امتحان دہندگان بائیومیٹرک حاضری لگائیں گے۔ اے ڈی ایم منوج کمار امتحان کے نوڈل افسر بنائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ضلع سطح پر ایک کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے جہاں پر اسٹاف کی تعیناتی ہوگی اور وہ ساری چیزوں پر نگرانی رکھی جائے گی۔