گیا: بہار کے ضلع گیا میں عید الاضحی کی نماز کے ساتھ پہلے دن کی قربانی بھی پرامن ماحول میں انجام پائی۔ ضلع میں کہیں سے ناخوشگوار واقعات کی اطلاع نہیں ہے۔ اس دوران انتظامیہ کے ساتھ سیاسی وسماجی رہنماوں کی جانب سے بھی امن و قانون کی بالادستی اور آپسی بھائی چارے برقرار رکھنے کے لیے مثبت پہل نظر آئی، خاص طور پر وزیراعلی نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو کے رہنماوں کی جانب سے امن برقرار رکھنے اور جگہ جگہ اپنی موجود گی کا احساس کرانے کی کوشش ہوئی۔
شہر گیا میں عید الاضحی کی نماز سب سے بڑے پیمانے پر گاندھی میدان میں ہوتی ہے جہاں پر نماز ختم ہونے تک جے ڈی یو کے رہنماوں کی موجودگی رہی۔ اس میں جے ڈی یو کے گیا حلقہ سے ایم پی وجے کمار مانجھی، گیا مہانگر جے ڈی یو کے صدر راج کمار پرساد عرف راجو برنوال، سابق ضلع صدر شوکت علی خان وغیرہ نمازیوں کی خدمت میں قطار بند رہے۔ یہاں گاندھی میدان میں صبح آٹھ بجے، کربلا عید گاہ میں دس بجے اور پیر منصور مسجد میں صبح چھ بجے راجو برنوال نے نمازیوں کو گلاب کا پھول دے کر استقبال کیا اور وزیراعلی نتیش کمار کے پیغام کے ذکر کے ساتھ پرامن ماحول میں قربانی کرنے کی اپیل کی۔
نماز کے ختم ہونے کے بعد راجو برنوال اپنی ٹیم کے ساتھ ان علاقوں کی گلیوں میں گشت کرتے نظر آئے جہاں مسلم آبادی کم ہے یا پھر وہ علاقے جو انتظامیہ کی جانب سے حساس قراردیے گئے تھے، حالانکہ اس دوران انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بھی چاک چوبند انتظامات تھے۔ ایس پی، ایس ڈی او سمیت ضلع کے اعلی افسران عید گاہوں اور مساجد کے باہر کھڑے ہوکر عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی پر امن ماحول میں بغیر کسی ڈر کے قربانی کے فریضے کو مسلمان انجام دیں۔
مزید پڑھیں:
Eid ul Adha 2022: ملک بھر میں نماز عیدالاضحی ادا کی گئی
اسی کے ساتھ انتظامیہ کی جانب سے شہر کے معززین سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی گئی، افسران کہتے ہوئے سنے گئے کہ اپنے اپنے محلوں کی ذمہ داری آپ کی ہے۔ عوامی مقامات پر قربانی نہیں ہو، سڑکوں پر گوشت، خون یا فضلات کو نہ پھینکیں، میونسپل کارپوریشن کی گاڑیاں محلے میں تعینات کی گئی ہیں جہاں میونسپل کارپوریشن کے صفائی ملازم گھر گھر جاکر قربانی کے فضلات کو اٹھا کر لے جائیں گے۔ خاص خیال رکھا جائے کہ کوئی سڑک پر قربانی کی شے نہ پھینکے حالانکہ انتظامیہ کے انتظامات اور پہل سے زیادہ مسلمان اس مرتبہ پہلے دن زیادہ حساس نظر آئے۔ سبھی نے احتیاط اور پردے کے مکمل انتظامات کے ساتھ قربانی کے فرائض کو انجام دیے، کہیں سے کسی ناخوشگوار کے واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلی نتیش کمار نے پارٹی سطح پر رہنماوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں قربانی کے موقع پر موجود رہیں اور حساس علاقوں پر نظر رکھیں۔ کہیں سے ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے، اس کی کوشش کی جائے۔ شہر میں اس کی ذمہ داری راجو برنوال صدر گیا مہانگر اور ایم پی وجے کمار مانجھی کو دی گئی تھی۔