گیا: رمضان اور نوراتری کا آغاز ایک ساتھ ہوا ہے، 30مارچ کو رام نومی' شری رام کی یوم پیدائش' منائی جائے گی، رمضان اور نوراتری ایک ساتھ شروع ہونے پر انتظامیہ کے افسران اور پولیس اہلکار مستعد اور متحرک ہیں۔ نوراتری کے دوران مذہبی جلوس نکا لے جاتے ہیں اور اس دوران گزشتہ برسوں میں کئی مقامات پر مذہبی منافرت اور تشدد کے واقعات بھی رونما ہوئے تھے۔ اسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے گیا ضلع میں انتظامیہ پہلے سے حساس ہے، اس حوالے سے ضلع کے سنیئر ایس پی آشیش کمار بھارتی نے ضلع کے سبھی تھانوں کو مستعد رہنے کے ساتھ گشت کو بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے اپنی ہدایت میں یہ بھی کہاہے کہ ماضی میں جن افراد نے ضلع میں امن و قانون کی بالادستی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ہو ان افراد کی شناخت کرکے فہرست تیار کی جائے، اور ان پر نظر رکھیں۔ اور اگر ضرورت پڑے تو ان کے خلاف کاروائی بھی کی جائے۔ امن کمیٹی سے مدد لیں کہ وہ بھی دونوں تہوار کو پرامن طور پر اختتام کرانے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ آج ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن اور ایس ایس آشیش بھارتی نے مشترکہ طور پر افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور اس حوالے سے کئی ضروری احکامات صادر کیے۔ ڈی ایم نے سبھی ایس ڈی او سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جلوس نکالنے والوں سے تحریری طور پر یہ یقینی بنائیں کہ وہ اشتعال انگیز نعرے اور گانے نہیں بجائیں گے۔ جنہیں جلوس نکالنے کی اجازت دی جائے گی صرف انہیں ہی جلوس نکالنے دیا جائے گا اور جلوس نکالنے کا راستہ بھی طئے کیا جائے گا۔
سات دنوں میں ہوگی تراویح
رام نومی کے موقع پر گیا شہر میں ہندی مہینہ چیت کے نوتاریخ کو ایک بڑا جلوس نکلتا ہے جس میں ہزاروں کا مجمع ہوتا ہے۔ جس راستے سے اہم جلوس گزرتا ہے اس میں سب سے حساس مقام چھتہ مسجد اور نادرہ گنج جی بی روڈ ہے۔ ان راستوں پر دوپہر تین بجے سے مختلف محلوں کے جلوس نکلنے شروع ہوجاتے ہیں۔ شام سات بجے کے بعد سبھی جلوس آزاد پارک میں جمع ہوکر ایک ساتھ نکلتے ہیں اور پھر وہ ایک ساتھ ہوکر چھتہ مسجد کے راستہ سے ہوتے ہوئے گزرتے ہیں۔ چونکہ رمضان کا مہینہ ہے اور بعد نماز عشاء تراویح کی نماز پڑھی جاتی ہے۔ اس دوران جلوس میں کافی شوروغل کے ساتھ گانے بھی بجادیے جاتے ہیں تو اس صورت میں ہنگامہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اس صورت میں ان راستوں پر واقع مساجد جن راستوں سے جلوس گزرتا ہے وہاں پر زیادہ ترمساجد کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے وہ نماز تراویح کے اوقات میں حالات اور ضرورت کے پیش نظر تبدیلی کرینگے۔
حضرت پیر منصورمسجد کے سکریٹری اکبر خان نے بتایاکہ سات شب میں تراویح مکمل کرلی جائے گی۔ گزشتہ برس بھی رام نومی رمضان میں ہونے کی وجہ سے سات دنوں میں ہی تراویح پڑھی گئی تھی اس بار بھی متفقہ طورپر یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ سات شب میں تراویح مکمل کر لی جائے۔ واضح ہوکہ چھتہ مسجد تجارتی اور مسلم علاقہ ہے اس راستے پر مسلم دوکانداروں کی تعداد زیادہ ہے ۔سنہ 2013 میں یہاں چھتہ مسجد کے پاس رام نومی کا جلوس گزرتے وقت ہنگامہ ہوگیا تھا ، اس دوران مسلمانوں کی کئی دوکانوں کو لوٹ لیا گیا تھا اور ساتھ ہی صحابو مسجد سمیت کئی دوکانوں کو نذرآتش بھی کردیا گیا تھا ،حالانکہ کچھ گھنٹوں کے اندر ہی حالات پرامن کرلیے گئے تھے۔ ڈسٹرک مجسٹریٹ نے سبھی افسران کو کہاہے کہ وہ ان علاقوں پر نظر رکھیں جہاں پر ماضی میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش ہوئی ہے ۔
مزید پڑھیں:Mufti Sheikh Dawood Nadwi روزہ صرف بھوکا رہنے کا نام نہیں، مفتی شیخ داؤد ندوی