گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے حال کے دنوں میں کیے گئے کاموں کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔ دراصل میونسپل کارپوریشن کے میئر گنیش پاسوان کی جانب سے میٹنگ بلائی گئی تھی، جس پر مخالف گروپ نے اس میٹنگ کے انعقاد پر اعتراض کیا۔ میٹنگ کے خلاف آج دس سے زیادہ کونسلر احتجاجی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ کونسلر نہ صرف میٹنگ کی مخالفت کررہے ہیں بلکہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 2017 سے ہونے والے خرید و فروخت کے کاموں کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔ دھرنے پر بیٹھے کونسلر شہر میں بنائے گئے بیت الخلاء کی تعمیر اور دیکھ بھال کی بدتر حالت پر سوال اٹھا رہے ہیں ، کونسلرز کا کہنا ہے کہ شہر میں ہنگامہ خیز طریقے سے بیت الخلاء کی تعمیر ہوئی تھی اور اسکی دیکھ ریکھ کے لیے ایک ایجنسی کو ٹینڈر دیا گیا تھا، لیکن ایجنسی نے کام نہیں کیا اور صرف پیسے لیتی رہی۔
وارڈ کونسلر نیئر احمد نے کہاکہ وارڈ نمبر اکیس کے جن علاقوں میں بیت الخلاء کی تعمیر کرائی گئی تھی وہ سبھی بدتر حالت میں ہیں، کچھ کو تو وہ ذاتی رقم سے صاف ستھرائی کراتے ہیں۔انہوں نے الز ام عائد کیا کہ میونسپل کارپوریشن میں صرف لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے اسکے علاوہ کئی اور اسکیموں میں بدعنوانی ہوئی ہے جسکی تحقیقات لازمی ہے۔ واضح رہے کہ یہ ہنگامہ اس وقت سے شروع ہوا جب میئر نے میٹنگ طلب کی تھی ، ہنگامی میٹنگ پر اعتراض سب سے پہلے نگر آیوکت ابھیلاشا شرما نے کیا تھا ، نگم کمشنر کا کہنا تھا کہ چونکہ ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی ہے اسلیے یہ اختیار میئر کو نہیں ہے، صرف کمشنر ہی ہنگامی میٹنگ بلاسکتاہے جبکہ میئرکا کہنا ہے کہ یہ اختیار انہیں حاصل ہے اپوزیشن گروپ کو ساتھ لیکر نگم کمشنر سیاست کررہی ہیں۔
مزید پڑھیں: Bihar Legislative Council Elections جن سوراج ابھیان کے امیدوار آفاق کو سارن ٹیچر نشست پر کامیابی ملی