فاربس گنج کے سابق رکن اسمبلی و کانگریس کے سینیئر رہنما ذاکر انور کی جانب سے شہر کے مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ احاطہ میں مفت راجیو گاندھی بھوجنالیہ کا آج بحسن و خوبی اختتام ہوا۔ مفت کھانے کا یہ کیمپ 13 دن چلا، جہاں روزانہ تقریباً پانچ سو ضرورت مندوں کو مفت میں کھانا دیا جاتا تھا۔
اس کے علاوہ کھانے کا ایک سو پیکٹ ارریہ صدر ہسپتال میں زیر علاج مریض، ان کے اہل خانہ اور ملازمین کے لیے بھجیا جاتا تھا۔ اس سے لاک ڈاؤن میں فاقہ کشی کرنے والے لوگوں کو بڑی راحت ملی۔
مفت کیمپ کے آخری دن آج ارریہ ڈی ایس پی پشکر کمار، ایس ڈی او شلیش چندر دیواکر بھی مدرسہ پہنچے اور کامیاب کیمپ کے انعقاد پر سابق رکن اسمبلی کو مبارکباد پیش کی، ذاکر انور نے بھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے بہترین تعاون کے لیے ڈی ایس پی و ایس ڈی او کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر ذاکر انور نے دونوں افسران کی عزت افزائی بھی کی۔
اس موقع پر ذاکر انور نے کہا کہ ہندوستان کے سابق وزیر اعظم بھارت رتن آنجہانی راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر ہم لوگوں نے گزشتہ 21 مئی سے مفت کھانا کھلانے کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد اس لاک ڈاؤن میں ویسے غریب خاندان اور ضرورت مندوں کا پیٹ بھرنا تھا، جس جانب حکومت کی توجہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لاکھ دعویٰ کرے مگر حقیقت یہی ہے کہ آج بھی ارریہ میں کئی بستی ہے، جہاں کے لوگ اس لاک ڈاؤن میں دو وقت کی روٹی نہیں کھا پا رہے ہیں۔ آج اس کیمپ کا اختتام ہے، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ہم آگے بھی عوامی فلاح کے لئے اس طرح کے مفت کیمپ کا انعقاد کریں گے۔