اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی گرفت میں ہے اور ملک میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے۔ لاک ڈاؤن جس نے ہر طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ خاص کر مزدور طبقہ کے سامنے اس لاک ڈاؤن نے روزی روٹی کا مسئلہ پیدا کر دیا ہے۔ ایسے میں اگر کوئی ہاتھ مدد کے لئے آگے بڑھے تو یقیناً اسے اللہ کی جانب سے غیبی مدد ہی کہا جا سکتا ہے۔
دراصل ہم بات کر رہے ہیں کشن گنج ضلع میں واقع بہادرگنج اسمبلی حلقہ کے ان نوجوانوں کی جو مسلسل ضرورت مندوں تک امدادی سامان پہنچا رہے ہیں۔ یہ نوجوان ہیلپنگ ہینڈ تنظیم کے بینر تلے غریب، یتیم، بے سہارا اور ان مزدوروں کو کھانے پینے کی چیزیں مہیا کرا رہے ہیں، جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں قید ہیں۔
تنظیم کے صدر ریحان عالم نے کہا کہ ابھی تک 300 سے زائد لوگوں کی مدد کی جا چکی ہے، مہم جاری ہے اور آگے بھی مدد ہوتی رہے گی۔
انہوں نے کشن گنج اور بہادرگنج پولیس انتظامیہ کی بھی تعریف کی۔ وہ کہتے ہیں کہ پولیس انتظامیہ کی مدد سے ہی یہ کام ممکن ہو پا رہا ہے۔
ریحان عالم نےاپنی ٹیم کے سبھی ممبران کے ساتھ۔ ساتھ ان لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو اس کام میں انہیں مالی تعاون پہنچا رہے ہیں۔
غورطلب ہے کہ ملک میں آئندہ تین مئی تک لاک ڈاؤن کی میعاد بڑھا دی گئی ہے، لیکن ملک کے غریبوں، یتیموں اور مزدوروں کی حالت بد سے بدتر ہو تی جا رہی ہے۔ وہ دو وقت کی روٹی کے لئے محتاج ہوگئے ہیں۔
سرکار کی جانب سے بھلے ہی بڑے۔ بڑے دعوے کئے جاتے ہوں، لیکن جب کوئی مالی امداد کی گاڑی کہیں سے گزرتی ہے تو مانگنے والوں کی ہجوم لگ جاتی ہے۔
بہار میں کورونا مریضوں کی بات کی جائے تو صوبہ میں ابھی تک 6676 لوگوں کی جانچ ہوئی ہے جن میں 64 لوگ کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں، اب تک کورونا سے صرف ایک ہی شخص کی موت ہوئی ہے۔