گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں کلاسیکل موسیقی کی مٹتی ہوئی ثقافتی روایت کو زندہ رکھنے کیلئے "سور سلیلا کلا تنظیم " ہربرس پھلگو اور وسنت مہوتسو مناتی ہے۔ یہاں اس تنظیم نے اس مرتبہ بھی ثقافتی پروگرام پھلگو مہوتسو اور وسنت مہوتسو کا انعقاد کیا ہے۔ آج اسی کے تحت کلاسیکل موسیقی کے بڑے نامور فنکاروں کی پیش کش وشنو پد مندر سے متصل وسیع میدان میں ہورہی ہے۔اس میں آج موسیقی آلہ سیتار کے معروف سازگار پدم شری شاہد پرویز اور ان کے ساتھ معروف طبلہ ساز گار استاد اکرم خان کی پیشکش کی خوبصورت دھنوں کے ساتھ وشنو پد علاقہ گونج اٹھا ہے۔
یہاں پروگرام میں شہر گیا کے تمام موسیقی کے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ خاص طور پر وشنو پد کے پنڈدت گھرانے کے بزرگ اور گیا کے فنکار بالخصوص معروف قوال بچہ نسیم ، امتیاز بھارتی ، راجن سیوجوار ، شارخ ، شیام بھنڈاری سمیت سینکڑوں افراد دلجمعی کے ساتھ ان استادوں کے دھنوں محفوظ ہورہے ہیں چونکہ جس علاقے میں یہ پروگرام منعقد ہوا ہے۔ وہ اکثریتی آبادی کا علاقہ ہے۔ وشنو پد مندر ہونے کی وجہ سے یہ انتہائی حساس علاقہ تسلیم کیا جاتاہے۔ یہاں پر مسلم فنکاروں کی پیشکش اپنے آپ میں ایک بہترین مثال ہے ڈاکٹر نندکشور گپتا نے کہاکہ سورسلیلا تنظیم مٹتی ہوئی ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے کوشاں ہے ۔آج ہمارے یہاں دو عظیم شخصیت جنکو سننے کیلئے ہرعام وخاص بے تاب ہوتا ہے۔ ان کی پیشکش ہورہی ہے ۔یہ اہل گیا اور ہم لوگوں کے لئے خوش قسمتی ہے کہ استاد شاہد پرویز اور استاد اکرم خان پہنچے ہیں۔ ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری تنظیم کی دعوت کو قبول کیا ہے۔
پدم شری شاہد پرویز نے کہاکہ جس طرح ندی تک جانے کے لئے ذریعے کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح گیا میں آنے کے لئے جو بڑے فنکاروں کی بھی سرزمین ہے وہاں سورسلیلا تنظیم نے مدعو کیا ہے ہم بھی یہاں آکر خوش ہیں اور توقع ہے کہ ہماری پیشکش سبھی کو پسند آئی ہوگی۔