بہار اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے تحت "وزیراعلیٰ اقلیتی روزگار قرض" کے لیے درخواست دینے والوں کے کاغذات کی جانچ کیمپ لگا کر کی جا رہی ہے۔
اس ضمن میں ضلع اقلیتی فلاح کے افسر جتیندر کمار نے بتایا کہ ”قرض دینے کے لیے جن کے نام منتخب کئے گئے ہیں ان کے کاغذات کی جانچ کی جارہی ہے اور باونڈ بھرا جارہا ہے۔''
جتیندر کمار نے بتایا کہ 'گیا ضلع میں 2020-2019 میں'وزیراعلیٰ اقلیتی روزگار قرض' کے لیے تقریباً پانچ سو درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 145 افراد کے ناموں کو کمیٹی نے جانچ پڑتال کے بعد فائنل کیا ہے۔ تاہم اس میں 104 کو ہی قرض دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کے کاغذات کے ساتھ ساتھ ان کے گارینٹر کے کاغذات کی بھی جانچ ہوگی۔ اس میں پوری طرح سے شفافیت لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
جتیندر کمار نے بتایا کہ جانچ پڑتال کے بعد فہرست مالیاتی کارپوریشن کو بھیج دی جائے گی۔ کیونکہ پیسہ مالیاتی کارپوریشن ہی فراہم کرتا ہے۔ اگر اس میں تاخیر ہوتی ہے تو اس کے لیے مالیاتی کارپوریشن ذمہ دار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی کارپوریشن کی کاہلی کا ہی نتیجہ ہے کہ 2020 - 2019 کے لیے ابھی تک پیسہ تقسیم نہیں کیا گیا۔