گیا: بہار میں مسلم سماجی رہنماوں اور دانشوروں سے گزشتہ روز وزیر اعلی نتیش کمار سے ہوئی ملاقات پر سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی نے تنقید کی ہے، اُنہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ذات کی بناء پر ہوئی گنتی کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد اب تو وہ برادریوں اور مذہبی لوگوں سے ملاقات کریں گے ہی کیونکہ جنکی جتنی آبادی انکی اتنی حصے داری کی مانگ کو دبانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار سمجھ رہے ہیں کہ مسلمان بی جے پی سے خوفزدہ ہیں تو مسلمانوں کو وہ اپنے ساتھ کر لیں لیکن وہ مسلمانوں کے حقوق اور حصے داری پر بات نہیں کریں گے ، مسلم کلال کو بنیا اور دوسری ہندو برادریوں کے زمرے میں رکھ دیا گیا لیکن وہ اس پر نہیں بولیں گے۔ غریب پسماندہ اور انتہائی پسماندہ ،درج فہرست ذات و قبا ئل کی تعداد کم کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کی گنتی پوری طرح نہیں کی گئی اور سیاست سے متاثر رپورٹ جاری کردیا گیا ، آگے بھی وہ اس طرح سے کئی اور برادریوں کو بلاکر ملیں گے ، لیکن کیا ملنے سے انکا حق مل جائے گا ؟ ہم نے سنا تھا کہ غریبوں کی آبادی امیروں کی بنسبت زیادہ بڑھتی ہے ، تو پھر اُن برادریوں کی آبادی کیوں نہیں بڑھی جنکی آبادی 1931 میں زیادہ تھی۔ اُن کی فیصد جتنی اسوقت تھی اتنی فیصد ابھی بھی اُن کی ہے۔ ان سب چیزوں سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے اس طرح سے ملاقات کا دور جاری رہیگا ، مسلمانوں کو سبزباغ دیکھا کر صرف ووٹ لیا جائے گا اور کچھ بھی آگے نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:EX CM Jitan Ram Manjhi حماس کی حمایت میں بیان دیکر پلٹ گئے جیتن رام مانجھی
کلال کو کردیا گیا ہندو میں شامل
سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی نے مسلم آبادی کی ایک برادری کلال عراقی کو ہندو آبادی میں شامل کیے جانے پر بھی سوال کھڑے کیے ہیں۔انہوں نےکہا کہ کلوار میں کلال جب مسلم برادری ہے تو پھر اسے ہندو آبادی کی برادریوں کے زمرے میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔اس طرح دھوبی ، نٹ اور دیگر کئی اور ایسی برادریاں ہیں جس میں ہندو اور مسلم دونوں ہیں تو پھر اس صورت میں ایک ساتھ گنتی کیوں کردی گئی۔