گیا: بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو دو روزہ دورے پر گیا پہنچے ہیں۔ یہاں وہ بودھ گیا میں بودھ مذہب کے رہنما دلائی لامہ سے ملاقات کریں گے اور ان سے دعائیں لیں گے۔ نائب وزیر اعلیٰ کے دو روزہ گیا دورے کے شیڈول کے مطابق وہ مہا بودھی مندر جاکر مندر کا درشن کریں گے اور اس کے بعد وہ سیدھے مہا بودھی کنونشن سینٹر پہنچیں گے، جہاں وہ محکمہ سیاحت کے افسران اہلکار اور دیگر اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ میٹنگ کر جائزہ لیں گے۔ نائب وزیر اعلیٰ دو روزہ دورے کے دوران ہوٹل رویل ریسیڈنسی میں قیام کریں گے۔ اس سے قبل بدھ کی شام کو نائب وزیر اعلیٰ گیا ایئرپورٹ پہنچے جہاں بڑی تعداد میں ان کی پارٹی کے رہنما اور کارکنان ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
بی جے پی کو شکست دینا ہی ہم لوگوں کا ہدف : تیجسوی
ریاستی وزیر ڈاکٹر سریندر پرساد یادو اور ریاستی وزیر کمار سروجیت نے نائب وزیر اعلیٰ کو شال اور گلدستہ پیش کر استقبال کیا۔ یہاں ایئرپورٹ پر نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے نامہ نگاروں سے انڈیا اتحاد کے تعلق سے گفتگو کی اور سوال کیے جانے پر کہ کیا وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو انڈیا اتحاد کا کنوینر بنایا جائے گا؟ اس پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار تجربہ کار اور ایک بڑے رہنما ہیں. اگر انہیں کنوینر بنائے جانے کی بات ہوتی ہے تو یہ بہار کے باشندوں کے لیے خوشی کی بات ہوگی اور اس میں کسی کو پریشانی بھی نہیں ہے۔ انہوں نے بہار حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت مسلسل ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ ریاست میں خالی آسامیوں کو پر کر رہی ہے۔
انہوں نے دوران گفتگو بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انڈیا اتحاد کو متحد بتاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس اتحاد سے گھبرائے ہوئے ہے۔ جب کہ انہوں نے ذات کی بنا پر ہوئی گنتی کے تعلق سے کہا کہ پہلے ہی اس کے اعداد و شمار عوامی سطح پر جاری کر دیے گئے ہیں۔ بہار ودھان سبھا میں بھی اس کو پیش کر دیا گیا ہے۔ اب اس صورت میں یہ کہنا صحیح نہیں ہوگا کہ عوامی سطح پر ذات کی بنا پر ہوئی گنتی کے اعداد و شمار جاری کیے جائیں۔ وہیں نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اپنے گیا دورہ کے دوران عام لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے، خاص کر ان کی ملاقات گیا اقلیتی طبقہ کے نمائندوں سے بھی ہوسکتی ہے، ضلع صدر محمد نظام نے بتایا کہ نائب وزیر اعلیٰ سبھی طبقے کے مسائل کو سنیں گے، اقلیتی طبقہ کے وفد سے بھی ان کی ملاقات ہوگی۔