ریاست بہار کے ضلع گیا کے چاکند میں گزشتہ رات شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرین پر گولی چلنے کے معاملے کا پولیس نے انکشاف کیا ہے۔
ضلع گیا کے ایس ایس پی راجیومشرا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 'سی اے اے کی مخالفت میں جاری دھرنے میں مظاہرین پر گولی نہیں چلی ہے بلکہ بدمعاشوں نے قومی شاہرہ 83 پر لوٹ کی غرض سے موٹرسائیکل سوار کونشانہ بناکر گولی چلائی تھی۔
ایس ایس پی نے کہا کہ 'گولی چلنے کی اطلاع چاکند تھانے کو ملی تھی۔ چاکند دھرنے میں بیٹھے مظاہرین نے ہی گولی چلانے والے تینوں افراد کو پکڑا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 'پوچھ گچھ میں پتہ چلا ہے کہ ایک مسافر اس جگہ سے گزر رہا تھا تبھی ان تینوں بدمعاشوں کے ذریعے اسے پہلے روکنے کی کوشش کی گئی، مسافر نہیں رکا تو بدمعاشوں نے گولی چلا دی۔
ایس ایس پی نے کہا کہ 'گولی چلنے کے بعد دھرنے پر بیٹھے لوگوں نے ہی تینوں کو پکڑ کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ 'اس میں ویرو کمار نے پہلے پولیس کو اپنی غلط پہچان بتاکر گمراہ کرنے کی کوشش کی تاہم جب پولیس نے تحقیق کیا تو اس کا تعلق ضلع خضرسرائے علاقے سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جھارکھنڈ کا رہنے والا بدمعاش یہاں آٹو چلاتا ہے اور وہ مجرمانہ واقعات میں بھی شامل ہوتاہے۔ ان کے پہلے کے بھی مجرمانہ واردات کھنگالے جارہے ہیں۔ ان کے پاس سے پسٹل، گولی وموبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔