گزشتہ دنوں بلاک سطح پر کھیل کود کا مقابلہ منعقد کیا گیا تھا، جہاں مختلف کھیلوں میں جن کھلاڑیوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اسے اب ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے اس کھیل کود مقابلہ اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا ہے.
اسی تناظر میں آج سے ارریہ کے سبھاش اسٹیڈیم میں ضلع سطح کا رنگا رنگ آغاز ہوا جس میں ارریہ کے تمام بلاک جن میں فاربس گنج، سکٹی، رانی گنج، جوکی ہاٹ، کرسا کانٹا، پلاسی، بھرگامہ، نرپت گنج اور ارریہ بلاک کے کھلاڑی شامل ہوئے۔
اس مقابلے میں ضلع کے سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں کے سینکڑوں طلباء جن کی عمر 14 سال سے 19 سال ہے شریک ہو رہے ہیں
کھیل کے آغاز سے قبل ضلع کلکٹر بیجناتھ یادو، ضلع پریشد کے چیئرمین آفتاب عظیم، کھیل آفیسر شمبھو کمار نے مشترکہ طور پر شمع روشن کر کے کھیل کا افتتاح کیا۔
بعد ازاں ضلع کا نام روشن کرنے والے قومی کھلاڑیوں کو ضلع کلکٹر نے اعزاز سے نوازا۔
اس موقع پر ضلع کلکٹر بیجناتھ یادو نے اپنے خطاب میں کہا کہ 'ارریہ ضلع میں کھیل کو لے کر ہماری اولین ترجیح ہے کہ ہم صدور کے علاقوں کے کھلاڑیوں کو باہر نکالیں جو کسی وجہ سے اپنی صلاحیت کھو رہے ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہماری کوشش ہے کہ پنچایت سطح کے کھلاڑیوں کو ضلع کے اس اسٹیڈیم میں پہنچائے تاکہ وہ جس کھیل میں مہارت رکھتے ہیں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں تاکہ آنے والے دنوں میں ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے کھیلوں میں ایسے کھلاڑی یہاں کی نمائندگی کریں.
ضلع کلکٹر نے کہا کہ ابھی یہ صرف آغاز ہے ہم آگے اسی انداز اور بہتر طریقے سے کھیل منعقد کریں گے۔
ضلع پریشد کے چیئرمین آفتاب عظیم عرف پپو نے کہا کہ ارریہ ضلع میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے، اگر ایسے نوجوان کھلاڑیوں کو صحیح پلیٹ فارم ملے تو یہ آگے صرف ارریہ ضلع نہیں بلکہ قومی سطح پر بہار اور بین الاقوامی سطح پر بھارت کا نام روشن کریں گی.
ارریہ کھیل یونین کے سکریٹری معصوم رضا نے کہا کہ 'ضلع انتظامیہ کی جانب سے یہ ایک اچھی پہل ہے جس کا آغاز ہوا ہے، اس وقت اس اسٹیڈیم میں ضلع بھر کے تمام وہ کھلاڑی موجود ہیں جو مقابلہ کر کے یہاں تک پہنچیں ہیں. یہ کھیل کود چار دنوں تک جاری رہے گا۔' انہوں نے کہا کہ آج پہلے دن کبڈی، بیڈمنٹن اور دوڑ کا مقابلہ ہونا ہے۔
اس موقع دور دراز سے آئے کھلاڑیوں میں جوش دیکھا گیا، کھلاڑیوں نے بتایا کہ اس طرح کے کھیل کے انعقاد سے ہمارا حوصلہ بڑھا ہے نیز ہمیں اس سے بڑے پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیت کو دکھانے کا موقع ملے گا۔