بہار کے گیا میں کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ سخت انتظامات کے دوران پہنچ چکی ہے۔ کل سولہ جنوری کو ٹیکہ کاری کا کام شروع کیا جائےگا۔ ساری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ گیا کے چودہ مقامات پر ٹیکہ کاری کے لیے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
وبائی مرض کورونا سے بچاؤ کے لیے بنی ویکسین سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ گیا کے جے پرکاش نارائن ہسپتال پہنچ چکی ہے۔ کووی شلڈ ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچتے ہی گیا کے لوگوں نے راحت محسوس کیا۔
اطلاعات کے مطابق 'پہلی کھیپ میں 24380 ڈوز پہنچے ہیں جو 16 جنوری کو گیا کے چودہ مقامات پر 19 ہزار سے زیادہ طبی ملازمین کو لگانے کا عمل شروع ہوگا۔'
اس موقع پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے پہنچ کر اپنی موجودگی میں ویکسین کو آئس لین ریفریج ریٹر میں رکھوایا اور وہاں پر موجود ذمہ دران کو کئی ضروری ہدایات دیں۔ ان ہدایات کے مطابق جن کی ڈیوٹی ویکسین اسٹور روم میں ہوتی ہے، وہ نوڈل افسر کی نگرانی میں داخل ہوں گے اور جو بھی ویکسین روم میں داخل ہوگا اس کی تفصیلات رجسٹر میں درج کی جائےگی۔ کسی بھی قسم کی لاپرواہی قابل قبول نہیں ہوگی۔
اس سے قبل ڈی ایم ابھشیک کمار سنگھ نے ویکسین پہنچنے سے قبل ویکسین اسٹورز کا جائزہ لیا اور وہاں پر رکھے ہوئے ریفریجریٹر کے متعلق معلومات حاصل کی۔
ساتھ ہی انہوں نے اس کے متعلق محکمہ ہیلتھ کے افسران کو ضروری ہدایت دیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور کسانوں کے درمیان نویں دور کی میٹنگ بے نتیجہ ختم
اس موقع پر ڈی ایم نے کہا کہ ویکسین کو پوری حفاظت میں مجسٹریٹ کی قیادت کے ساتھ پولیس جوانوں کی نگرانی میں رکھ کر یہاں لایا گیا ہے، اسی طرح کی حفاظت کے ساتھ سبھی سینٹر پر ویکسین پہنچائے جائیں گے اور سینٹر پر بھی سخت ترین انتظامات ہوں گے۔