جنتادل یونائٹیڈ سے نکالے گئے سابق قومی نائب صدر پرشانت کشور نے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ریاست میں این آر سی نافذ نہیں کرنے اور قومی مردم شماری رجسٹر( این پی آر ) کو 2010 کے فارمیٹ کے مطابق تیار کرانے کے بیان پر طنز کرتے ہوئے انہیں اپنی بات پر قائم رہنے کے لیے مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ آئندہ بھی سچ کے ساتھ کھڑے رہیںگے۔
کشور نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ این پی آر اور این آر سی پر اپنی بات پر قائم رہنے کے لیے نتیش کمار جی کو مبارک باد، لیکن ان کے علاوہ بھی بہار کے مفاد میں اور سماجی ہم آہنگی سے منسلک کئی بڑے مسائل ہیں۔ ہم لوگ صرف امید کرسکتے ہیں کہ آپ آئندہ بھی سچ کے ساتھ کھڑے رہیںگے۔
واضح رہے کہ جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار نے منگل کو اسمبلی میں این آر سی کو غیر ضروری بتایا اور کہاکہ این پی آر کے موجودہ فارمیٹ سے مستقبل میں این آر سے کے نفاذ پر کچھ لوگوں پر خطرات لاحق ہوںگے اسے دیکھتے ہوئے ان کی حکومت نے این پی آر 2010 کے پرانے خاکہ کی بنیاد پر ہی کرانے کیلئے مرکزی حکومت کو خط لکھا ہے۔ اس کے بعد اسمبلی نے اسے متعلق تجویز کو اتفاق رائے سے پاس کر دیا ۔