ہلاک شدہ کی شناخت بشن پور باشندہ جے پرکاش مہتو عرف سادھو لال کے طور پر ہوئی ہے، ان کی عمر 55 سال ہے۔
واقعے کے بعد سے گاؤں میں ماتم چھایا ہوا ہے اور اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ تاہم پولیس اطلاع پا کر جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور تفتیش کر رہی ہے۔
واقعے کو لے کر مقتول کی لڑکی منجو دیوی نے کہا کہ 'کل ہی بابا نے پرانا آٹو فروخت کیا تھا اور کھانا کھانے کے دوران بتایا تھا کہ دو دن بعد بابا دھام بھگوان کے درشن کے لئے جانا ہے۔ کھانا کھا کر وہ حسب معمول گھر کے قریب واقع سرکاری اسکول کے برآمدے پر سو گئے، وہ گرمی کی وجہ سے وہیں سوتے تھے۔'
انہوں نے کہا کہ 'جب صبح میں والدہ اندراوتی دیوی بابا کو اٹھانے گئی تو دیکھا بابا وہیں زمین پر خون سے لتھ پتھ اوندھے منھ گرے ہوئے ہیں، والدہ کے چیخ پکار کے بعد آس پاس کے لوگ وہاں پہنچے۔'
اطلاع پا کر رانی گنج کے تھانہ صدر شمبھو کمار، ایس آئی ڈی پی یادو بھی پہنچے اور مقتول کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق جے پرکاش کے قتل سے پہلے اسے بے رحمی سے پیٹا گیا، اس کا بایاں ہاتھ ٹوٹا ہوا ہے اور جسم پر گہرے زخم کے نشان ہیں اور گلے پر کسی تیز ہتھیار کے چلائے جانے کا نشان بھی ہے۔
لاش سے کافی مقدار میں خون بہا ہوا تھا اس لئے شک ہے کہ قتل سے پہلے اسے پیٹ کر زخمی کر دیا گیا ہوا، حالانکہ اہل خانہ کی طرف سے ابھی تک کسی پر قتل کا الزام نہیں لگایا گیا ہے۔
پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔