امارت شرعیہ کے کانفرنس ہال میں امیر شریعت ثامن مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی صدارت میں امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ و بنگال کے مرکزی و ذیلی قضاۃ کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے امیر شریعت نے فرمایا کہ علماء و قضاۃ کی زندگی امت کے لیے مثالی اور نمونہ کی زندگی ہونی چاہیے، ان کے رہن سہن، طور طریقے اور انداز زندگی سے اسلام کی شعاع جھلکنی چاہیے، اللہ نے آپ کو ایک بڑے عظیم منصب پر فائز کیا ہے۔ بڑا منصب بڑی ذمہ داری بھی لیکر آتا ہے، اس لئے آپ کی ذمہ داری اور مسؤلیت بھی دوسروں سے زیادہ بڑھی ہوئی ہے۔
عدل و انصاف کے تقاضوں کو مکمل طور پر بروئے کار لائیں اور اس طرح معاملات کا تصفیہ کریں کہ فریقین خوش دلی سے قبول کریں تاکہ ان کا دین و ایمان بھی محفوظ ہو اور انہیں سہولت بھی حاصل ہو.
امیر شریعت نے موجود قاضیوں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ دارالقضاء کے نظام میں وسعت پیدا کرنے کی خاطر اس کے طریقہ کار میں مزید بہتری لانے کا بھی ارادہ ہے، خاص کر جب جہاں اب نئے دارالقضاء قائم ہوں گے انہیں صرف کار قضاء تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ انہیں ایک خدمت خلق کا مرکز بنانا بھی ہمارا ہدف ہے، وہاں دارالقضاء کے ساتھ Coaching And Medical Center in Darul Qaza مکتب اور شفا خانہ بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام قضاۃ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ہم سب صادق اور امین بنیں۔
اس موقع پر نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی کی تالیف کردہ کتاب " بیٹیوں کی حفاظت کیجئے" کے ہندی ایڈیشن کا اجراء بھی امیر شریعت کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے کہاکہ حضرات قضاۃ دارالقضاء کی اہمیت و افادیت سے عام لوگوں کو واقف کرائیں تاکہ لوگوں کا دارالقضاء سے اپنے معاملات کو حل کرنے کا رجحان پیدا ہو۔ اس میں اس پہلو کو بھی پیش نظر رکھا جائے کہ یہاں کم وقت اور کم خرچ میں بروقت فیصلہ مل جایا کرتا ہے۔ اس موقع پر قاضی شریعت مولانا قاضی انظار عالم قاسمی اور قائم مقام ناظم مولانا شبلی قاسمی نے بھی خطاب کیا. پروگرام کی نظامت معاون قاضی مفتی وصی احمد قاسمی نے خوش اسلوبی سے کی۔
مزید پڑھیں: