گیا: کانگریس اقلیتی سیل کے قومی صدر و راجیہ سبھا رکن عمران پرتاپ گڑھی آئندہ نو ستمبر کو دو روزه دورے پر گیا پہنچیں گے۔ یہاں وہ بھارت جوڑو یاترا کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والے ایک عظیم الشان پروگرام میں شرکت کریں گے۔ وہ اس پروگرام کے مہمان خصوصی ہونگے۔ کانگریس اقلیتی سیل جھارکھنڈ کے انچارج اور بھارت جوڑو یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ سفر میں شامل عمیر احمد خان نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے سات ستمبر 2022 کو نفرت کے خلاف بھارت جوڑو یاترا شروع کی تھی، جس میں کانگریس اقلیتی سیل کے قومی صدر عمران پرتاب گڑھی نے انہیں بھی ایک یاتری بننے کا اور راہل گاندھی کے ساتھ چلنے کے لیے میرے نام کی تجویز پیش کی تھی۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس نے مجھے بھی بھارت جوڑو یاتری بنایا جبکہ پہلے دن سے آخری دن تک میں اس یاترا میں شامل رہا۔ ایک برس مکمل ہونے پر بہار میں بھارت جوڑو یاترا کی اُن یادوں کو پھر سے تازہ کرنے کے لیے گیا کے بودھ گیا میں واقع کنونشن سینٹر میں اُنکی قیادت میں ایک عظیم الشان پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ نو ستمبر کو یہ پروگرام ہوگا جس میں اقلیتی سیل کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی کے علاوہ پارٹی کے کئی قدآور رہنماؤں کی شرکت ہوگی اور ایک بار پھر امن وشانتی کی سرزمین سے محبت بھائی چارہ کا پیغام دیا جائے گا اور نفرت کے خلاف سبھی متحد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Madaris Teacher Protest تنخواہ بند کیے جانے کے خلاف مدارس کے اساتذہ کا احتجاج
وہیں پروگرام کو لے کر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ آج بودھ گیا میں واقع کنوینشن سینٹر پہنچ کر عمیر خان اور کانگریس کے دیگر رہنماوں نے جائزہ لیا اور آپس میں پروگرام کے تعلق سے تبادلہ خیال بھی کیا ، اس موقع پر عمیر خان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کنوینشن سینٹر میں منعقد ہونے والا پروگرام ایک تاریخی پروگرام ہوگا ، ضلع سمیت مگدھ کمشنری کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی شرکت ہوگی۔اس میں پارٹی کے ریاستی صدر اکھلیش سنگھ سمیت قومی وریاستی سطح کے کئی لیڈران کی بھی شرکت متوقع ہے ۔