ریاست بہار کے شہر گیا کے گاندھی میدان میں منگل کی دوپہر کو اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پہنچے تھے ۔ یہاں گاندھی میدان میں سی اے اے کی حمایت میں جلسہ عام سے یوگی کے خطاب کے دوران وہ ہوا کہ جو کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔ اچانک دوران خطاب سیاہ غبارے اڑتے ہوئے دکھے۔ آسمان میں سیکڑوں سیاہ غبارے نظر آنے لگے۔ ان غباروں کے ذریعے سی اے اے اور این آر سی کی مخالفت کی جارہی تھی۔ غباروں میں سیاہ پرچم بھی لگے تھے جس پر 'نو این آر سی' اور 'نو این پی آر' لکھے تھے۔
غبارے آسمان میں نظر آتے ہی بی جے پی رہنماوں کے ہاتھ پاوں پھولنے لگے - یوگی نے بھی ایک بار آسمان کی طرف نظر اٹھاکر تو دیکھا لیکن انہوں نے اسے نظرانداز کرتے ہوئے کچھ بولنے سے گریز کیا تاہم حامی اور قائدین سخت ناراض ضرور نظر آئے۔
حامیوں نے غبارہ دیکھتے ہی ایک خاص فرقے کے لوگوں کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔
بی جے پی رہنماوں کے ذریعے میڈیا کو غبارے نہیں دیکھانے کی اپیل بھی کی گئی۔ غبارے کس نے اڑائے ہیں اس کا انکشاف نہیں ہوسکا ہے تاہم ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کسی محلے سے ویڈیو اڑتے دیکھا جا رہا ہے۔
واضح ہو کہ اس سے قبل شہر کی سڑکوں پر منگل کی صبح نو سی اے اے، این آر سی اور این پی آر اور یوگی واپس جاؤ لکھا ہوا پایا گیا۔
خاص طور سے ان راستوں پر یہ لکھے ہوئے تھے جس راستے سے وزیراعلی یوگی ادتیہ ناتھ کو گاندھی میدان میں پہنچنا تھا۔